کرونا وائرس: امریکی امیگریشن پرمکمل پابندی عائد

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث ہر طرح کی امیگریشن پر عارضی پابندی لگانے کا اعلان کردیا ہے. امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے باعث یہ پابندی لگارہے ہیں۔ ٹرمپ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس اور امریکا میں روزگار کے تحفظ کے لیے تمام امیگریشن کوانتظامی حکم نامے کے ذریعے عارضی طور پر معطل کر دیں گے۔
In light of the attack from the Invisible Enemy, as well as the need to protect the jobs of our GREAT American Citizens, I will be signing an Executive Order to temporarily suspend immigration into the United States!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) April 21, 2020
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘نظر نہ آنے والے دشمن کے حملوں اور اپنے عظیم شہریوں کے روزگار کے تحفظ کی ضرورت کے پیش نظر امریکی امیگریشن کو عارضی طور پر معطل کرنے کے لیے میں ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کروں گا’۔امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا یہ اعلان ان کی پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت امیگریشن کو معطل کرنے اور کورونا وائرس کے باعث ملک کی معشیت اور صحت کے نظام کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنا ہے۔ری پبلکن صدر کے اس بیان پر ڈیموکریٹس کی جانب سے فوری مذمتی بیان جاری کردیا گیا اور کہا کہ ٹرمپ کورونا وائرس کے خلاف اپنے ناقص اقدامات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ امریکی ورک فورس کے تحفظ کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے امریکا دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ کیسز اور اموات سامنے آئی ہیں۔نیویارک سب سے زیادہ متاثرہونے والی ریاست ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔کورونا وائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران کئی کمپنیوں نے اپنے ملازمین کو برخاست کردیا جس کے باعث لاکھوں امریکی بے روزگار ہوگئے ہیں۔خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کے اس فیصلے کی وجوہات اور قانونی بنیاد کے حوالے سے مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا۔
As our country battles the pandemic, as workers put their lives on the line, the President attacks immigrants & blames others for his own failures. The order I’d like to see tonight? Testing. Instead he twists “the buck stops here” into this: “the buck stops anywhere but here.”
— Amy Klobuchar (@amyklobuchar) April 21, 2020
ڈیموکریٹس کی سابق صدارتی امیدوار ایمی کلوبچار نے ٹوئٹر پربیان میں کہا کہ ‘ہمارا ملک وبا سے لڑ رہا ہے اور ہمارے ورکرز نے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رکھا ہے لیکن صدر امگرینٹس پرحملہ کررہے ہیں اور اپنی ناکامیوں کا الزام دوسروں پر دھر رہے ہیں’۔کورونا وائرس کے باعث پروازوں کی تنسیخ اور سرحدوں کو بند کرنے کے بعد امریکی میں غیر ملکیوں کی آمد پہلے ہی معطل ہوچکی ہے اور اسی طرح کے اقدامات دنیا کے دیگر ممالک نے بھی کررکھے ہیں۔
ٹرمپ کی جانب سے امیگریشن کو معطل کرنے کا فیصلہ ان کے حامیوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ انہوں نے 2016 کے صدارتی انتخاب کی مہم میں کہا تھا کہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرکے امیگرینٹس کو روکا جائے گا۔ڈیموکریٹس کے ایک اور سابق صدارتی امیدوار جولیان کاسٹرو نے ٹرمپ کو مخاطب کرکے کہا کہ ‘آپ امیگریشن کو معطل کردیں لیکن آپ ہماری قوم کو پہلے ہی کمزور معیشت تک پہنچا چکے ہیں’۔رپورٹس کے مطابق کوروناوائرس کے باعث امریکی معیشت کو بڑا دھچکا لگا ہے اور تقریباً 2 کروڑ 20 لاکھ افراد نے گزشتہ ماہ بے روزگاری مراعات کے لیے درخواست دی تھی۔
خیال رہے کہ امریکامیں اب تک کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 42 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔امریکا میں گزشتہ روز 27 ہزار نئے کیسز ریکارڈ ہوئے تھے جس کے بعد مجموعی تعداد 7 لاکھ 80 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔
