کسی کو یہ حق نہیں دے سکتے کہ ان سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لیں

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ کسی کو اس بات کا حق نہیں دے سکتے کہ ان سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لیتے رہیں۔
لاہور میں (ن) لیگ کے رہنما ایاز صادق سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایاز صادق نے انتہائی ذمے دارانہ اور سنجیدہ بات کی ہے، اختلاف رائے اصولوں پر کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، ایاز صادق کےبیان سےکوئی اختلاف کرسکتا ہے لیکن وزیرکے بیان پر کیا کہیں گے، اس بات کا حق نہیں دے سکتے کہ ان سے حب الوطنی کا سرٹیفیکٹ بھی لیتے رہیں اور میرے خیال میں قیامت کی علامت ہے کہ مسلم لیگی غدار ٹھہرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے جواز کو تسلیم نہیں کرتے، ملکی اداروں کے افراد مقدس ہیں، ان کی عزت کی جانی چاہیئے لیکن تنقید سے کوئی بالاتر نہیں ہے، ہم توہین آمیز رویوں کےخلاف ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک معاشی لحاظ سے دیوالیہ ہوچکاہے، ناجائزحکومت ہم پر مسلط نہ کی جائے اور ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے، یہ کابینہ احمقوں کا مربہ ہے۔ پی ڈی ایم کے سربراہ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کو توڑنے کی سازش کراچی میں ہوئی لیکن پی ڈی ایم قائم ہے اور شیڈول کے مطابق اپنے جلسے جاری رکھےگی، پی ڈی ایم کی قیادت عوام کی بات کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ استعفوں کا راستہ پی ڈی ایم کےلائحہ میں شامل ہے البتہ عبدالقادربلوچ کے استعفے سے متعلق مجھےعلم نہیں۔ مولانا فضل الرحمان نےکہا کہ الیکشن کے نتائج کے مالک بنیں گے تو اختلافات بھی ہوں گے۔