کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے یوم استحصال منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی اور یک طرفہ اور غیر قانونی بھارتی اقدام کے خلاف یوم استحصال منایا جا رہا ہے۔
گزشتہ برس 5 اگست کو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے اپنے ساتھ غیر قانونی طریقے سے ضم کر لیا تھا، ساتھ ہی جموں اور لداخ کو کشمیر سے الگ کرنے کی غیر قانونی کوشش کی تھی جس کے بعد سے وادی بھر میں سخت کرفیو اور لاک ڈاؤن ہے جبکہ دنیا بھر میں مودی سرکار کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مذمت اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر پورے پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں وزیراعظم آفس کے قریب کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں صدر مملکت عارف علوی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر اعلیٰ شخصیات و عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔’’یوم استحصال‘‘کے موقع پر آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ صبح 10 بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
دوسری طرف بزرگ حریت راہنما سید علی گیلانی نے 5 اگست کو پورے مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈاؤن کی کال دی ہے۔ یوم استحصال کشمیر تقریبات میں بھارت کے 5 اگست 2019 کے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدام کو بے نقاب کیا جارہا ہے۔
5اگست 2019 کو بھارت کی مودی سرکار نے یک طرفہ طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کا غیر آئینی اور متنازع قدم اٹھایا تھا جسے ایک برس مکمل ہوچکا ہے۔اس اقدام پر ممکنہ رد عمل کے پیش نظر وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا تھا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں تاحال نقل و حرکت اور ذرائع رسل و رسائل پر بھارت نے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
اقوام متحدہ اپنی قراردادوں میں واضح طور پر قرار دے چکی ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ خود کشمیری ایک ریفرنڈم کے ذریعے کریں گے۔آج 5 اگست کو بھارت کے اس غیر قانونی اقدام کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے جس پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ‘یوم استحصال’ منایا جا رہا ہے۔ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے حکومت اور ملک کی تمام سیاسی جماعتیں بھی متحد ہیں۔
یوم استحصال کے موقع پرکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم عمران خان آج مظفر آباد کا دورہ کریں گے اور وہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔اس کے علاوہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے ’جا چھوڑ دے میری وادی‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں نامور اداکار، گلوکار، کھلاڑی اور صحافی شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button