کشمیر میں کشیدہ صورتحال،صدر کا معاملہ مذاکرات سے حل کرنے پرزور

کشمیر میں کشیدہ صورتحال پر صدرمملکت آصف زرداری نے معاملہ مذاکرات سے حل کرنیکامشورہ دیدیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت کشمیر کی صورتحال پر ایوان صدر میں اجلاس ہوا ۔پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت کا آزاد کشمیر حکومت کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیاگیا۔
پیپلز پارٹی قیادت آزاد کشمیر نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے ۔
صدرمملکت کاکہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز تحمل کا مظاہرہ کریں، آزاد جموں و کشمیر کے مسائل بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل کریں۔سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ذمہ داری سے کام لینا چاہیے تاکہ دشمن عناصر حالات کا فائدہ نہ اٹھا سکیں۔
وفد نے صدر مملکت کو آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والے حالیہ افسوسناک واقعات سے آگاہ کیا۔
آصف زرداری کاکہنا تھا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مطالبات کو قانون کے مطابق پورا کیا جانا چاہیے ۔موجودہ صورتحال کا حل نکالنے کیلئے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی شکایات پر وزیر اعظم پاکستان سے بات کروں گا۔تعلیم، سیاحت اور انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت آزاد جموں و کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
صدر مملکت نےدور دراز علاقوں کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پولیس اہلکار کی افسوسناک ہلاکت پر تعزیت کا بھی اظہار بھی کیا۔
