کوئٹہ:عید پر لاپتہ افراد کے لواحقین سراپا احتجاج، بازیابی کا مطالبہ

جہانزیب قمبرانی کی والدہ ہر عید پر اپنے بیٹے کے لیے نئے کپڑے سلوانے کے علاوہ جوتے بھی بنواتی ہیں۔وہ ایسا اس لیے کرتی ہیں تاکہ کہیں ایسا نہ ہو کہ جہانزیب عید کے روز اچانک گھر آئیں تو انھیں نئے کپڑوں اور جوتوں کے بغیر یہ تہوار منانا پڑے۔
جہانزیب قمبرانی کا تعلق کوئٹہ کے علاقے سریاب سے ہے اور وہ گذشتہ چار سال سے لاپتہ ہیں۔ جہانزیب کی والدہ کے مطابق ان کے بیٹے کو جبری طور پر لے جایا گیا ہے۔بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت میں اب ہر عید پر لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی کے مطالبے کے ساتھ مظاہرہ کیا جاتا ہے۔رواں عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی مظاہرین پریس کلب کے باہر جمع ہوئے تھے اور اپنے پیاروں کی واپسی کے لیے ہڑتالی کیمپ میں شرکت کی تھی۔
113780703 e583d05a 2a34 483c 861f a3cd6b760b77
عید کے پہلے روز جب لاپتہ افراد کے رشتہ داروں نے کوئٹہ شہر میں اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے مظاہرہ کیا تو جہانزیب کی والدہ بھی بیٹے کے عید کے کپڑوں اور جوتوں کے ساتھ اس مظاہرے میں شریک ہوئیں۔’جہانزیب کے لاپتہ ہونے کے بعد ہر عید پر نئے جوتے اور کپڑے اس امید کے ساتھ بنواتی ہوں کہ وہ آئے گا تو عید کے لیے ان کے نئے کپڑے اور جوتے تیار ہوں۔‘انھوں نے بتایا کہ جب عید کے دن گزر جاتے ہیں اور بیٹا نہیں آتا تو وہ ان کے نئے کپڑے اور جوتے کسی مستحق شخص کو دے دیتی ہیں تاکہ وہ ان کی بازیابی کے لیے دعا کرے۔
113780910 54efb650 9dd1 4c86 a533 a95a1affec02
بلوچستان سے لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز گذشتہ کئی سال سے ہر عید پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کرتی ہے۔اس احتجاج میں زیادہ تر لوگوں کا تعلق کوئٹہ شہر سے ہوتا ہے لیکن اس عید الاضحیٰ پرکوئٹہ شہر سے بہت دور آواران سے سیما بلوچ بھی اپنے چھوٹے بچے اور بھابی کے ساتھ اس مظاہرے میں شرکت کے لیے آئی تھیں۔وہ طالب علم رہنما شبیر بلوچ کی بہن ہیں جنھیں چار سال قبل بلوچستان کے ضلع کیچ سے سیما بلوچ کے مطابق جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔سنہ 2019 کے آخر میں وہ پہلی مرتبہ اپنی بھابی کے ہمراہ 600 کلو میٹر دور آواران سے اپنے بھائی کی بازیابی کے لیے علامتی بھوک ہڑتال کے لیے کوئٹہ آئی تھیں۔ان کی بھوک ہڑتال کے بعد کوئٹہ شہر میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے قائم علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں خواتین کی شرکت میں اضافہ ہونے لگا۔سیما بلوچ بتاتی ہیں ’سرکاری حکام نے میری والدہ کو فون کر کے بتایا تھا کہ اگر اپنے بیٹے کی بازیابی چاہتے ہو تو اپنی بیٹی کو کہو وہ احتجاجی مظاہروں اور پروگراموں سے دور رہیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ اس فون کے بعد میں نے ڈیڑھ سال تک کسی احتجاجی پروگرام میں شرکت نہیں کی لیکن بھائی پھر بھی بازیاب نہیں ہوئے۔سیما بلوچ نے بتایا کہ جب کسی گھر کا کوئی شخص لاپتہ ہو تو اس کی خوشیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ اس لیے وہ گھر پر عید منانے کی بجائے کوئٹہ آئی تاکہ یہاں میڈیا کی ذریعے اپنی اور اپنے خاندان کے دکھ سے دنیا کو آگاہ کر سکیں۔
113780701 8bc98a4f fa91 4ded 8615 7059bfc26e51
لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے احتجاج کرنے والوں میں کوئٹہ کے سریاب روڈ کے علاقے سے لاپتہ ہونے والے ایک اور نوجوان حسان بلوچ کی بہن بھی شریک تھیں۔مظاہرے کے شرکا سے خطاب کے دوران حسان بلوچ کی بہن کی آنکھوں سے آنسو رواں رہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے ایک بھائی کو پہلے لاپتہ کرنے کے بعد ان کی لاش پھینکی گئی اب دوسرے کو لاپتہ کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی نے اگر کوئی جرم کیا ہے تو ان کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ ’اگر لاپتہ کرنے والوں کو ان عدالتوں پر اعتماد نہیں ہے تو وہ اپنی عدالت بنا کر انھیں اس میں پیش کریں۔‘
مظاہرے میں ایک معذور نوجوان بیبرگ بلوچ بھی اپنے ویل چیئر پر شرکت کے لیے آئے تھے۔انھوں نے بتایا کہ اگرچہ ان کا کو کوئی رشتہ دار لاپتہ نہیں ہوا ہے لیکن وہ دوسرے لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کی دکھ میں شرکت کے لیے ایسے مظاہروں میں شرکت کرتے ہیں۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ اب ہر عید پر احتجاج ان کا معمول بن گیا ہے کیونکہ نہ صرف لوگ لاپتہ کیے جا رہے ہیں بلکہ ان کو مبینہ طور پر حراست میں ہلاک کرکے ان کی لاشیں بھی پھینکی جاتی ہیں۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ کہ عید سے پہلے سے لاپتہ کیے جانے والے بگٹی قبیلے کے پانچ افراد کو ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاشیں پنجاب کے علاقے راجن پور میں پھینک دی گئیں۔
113780737 a0be88d9 2a3e 453f 989a 537f24f33d53
تاہم ان پانچ افراد کی ہلاکت کے بارے میں انسداد دہشت گردی کے ادارے سی ٹی ڈی کا یہ موقف ہے کہ یہ پانچوں افراد عسکریت پسند تھے جو کہ ان کے ساتھ مسلح مقابلے میں مارے گئے۔بلوچستان سے لوگوں کی جبری گمشدگیوں کا سلسلہ 2000 کے بعد شروع ہوا تھا۔لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کی تنظیم اور قوم پرست جماعتیں لوگوں کو ’جبری گمشدگی‘ کا نشانہ بنانے کا الزام ریاستی اداروں پر عائد کررہی ہیں لیکن سرکاری حکام اور محکمہ داخلہ کے حکام ایسے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے رہے ہیں۔سرکاری حکام کا یہ موقف ہے کہ بعض عناصر لاپتہ افراد کے نام پر ملک اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔

بشکریہ: بی بی سی اردو

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button