کورونا فنڈز میں 10 ملین ڈالر عطیہ

معروف امریکی ٹی وی شو میزبان اوپرا ونفری نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے 10 ملین ڈالر کی رقم عطیہ کردی۔
انہوں نے کہا کہ ’میں 10 ملین ڈالر کی رقم عطیہ کر رہی ہوں تاکہ عالمی وبا کے دوران ملک بھر اور وہ علاقے جہاں میں بڑی ہوئی ہوں، امریکیوں کی مدد کی جا سکے‘۔
اوپرا ونفری مسی سیپی میں ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئیں اور اب وہ ان تمام ارب پتی لوگوں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں جنہوں نے کووڈ-19 سے نمٹنے کے لیے کروڑوں رقم عطیہ کی ہے۔
خیال رہے کہ اوپرا ونفری نے یہ رقم ایک نئے اقدام ’امریکا فوڈ فنڈز‘ کے تحت دیا ہے جو کہ ایپل کمپنی، دی فورڈ فاؤنڈیشن، کارین پاول جابز اور اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے مل کر مقامی لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے شروع کیا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں معروف شخصیات اور اداروں کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کےلیے عطیات اور میڈیکل آلات عطیہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
امریکا میں کورونا وائرس کے باعث ایک ہی روز میں 1480 افراد ہلاک ہو گئے جو اب امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق صرف ریاست نیویارک میں 700 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جہاں اموات کی تعداد ساڑھے 3 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
