کورونا میں مبتلا ہونے والی تقریباً تمام شوبز شخصیات صحت یاب

ملک میں جہاں کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور یومیہ ڈھائی سے 3 ہزار افراد میں کورونا کی تشخیص ہو رہی ہے، وہیں ملک میں وبا سے صحت یاب ہونے والے افراد میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
کورونا سے شوبز کی معروف شخصیات بھی متاثر ہوئی تھیں ، جن میں سے زیادہ تر صحت یاب ہوچکی ہیں جب کہ کچھ شخصیات کو امید ہے کہ وہ بھی جلد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گی۔ اب تک ایک درجن سے زائد شخصیات کورونا کو شکست دے چکی ہیں جن میں سے گزشتہ 10 دن کے اندر ہی نصف درجن کے قریب شخصیات کورونا سے صحت یاب ہوئی ہیں۔
ابرارالحق
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و گلوکار ابرارالحق میں گزشتہ ماہ 31 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔ قرنطینہ کے دوران بھی ابرارالحق آن لائن کام کرتے دکھائی دیے تھے تاہم اب ان کا دوسرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا۔ ابرار الحق نے 24 جون کو اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کا دوسرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا اور وہ کورونا سے صحت یابی کے بعد آج پہلے دن دفتر کام پر پہنچے ہیں۔
گلوکار نے کورونا سے صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ وہ عوام کی دعاؤں کی بدولت ہی جلد صحت یاب ہوئے ہیں۔
Alhamdulliah i have been tested Corona negative and today is my 1st day in the office after quarantine. Thanks to all those who prayed for my success. May Allah swt bless all the patients with quick recovery and keep everyone safe .Ameen
— Abrar Ul Haq (@AbrarUlHaqPK) June 24, 2020
واسع چوہدری
ابرارالحق سے قبل اداکار و میزبان واسع چوہدری بھی چند دن قبل کورونا سے صحت یاب ہوگئے تھے۔ واسع چوہدری میں بھی رواں ماہ 8 جون کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا تھا۔ واسع چوہدری کا دوسرا کورونا ٹیسٹ 17 جون کو منفی آیا اور انہوں نے صحت یابی کے لیے دعاؤں پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
Alhamdolliah,I have tested Negative for Covid 19.A Big Thank you to everyone for all the messages,prayers & wishes 🙏🙏
— vasay chaudhry (@vasaych) June 17, 2020
یاسر نواز اور ندا یاسر
میزبان واسع چوہدری سے قبل اداکار یاسر نواز اور ان کی اہلیہ میزبان و ادکارہ ندا یاسر بھی کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے تھے۔ ندا یاسر اور یاسر نواز میں گزشتہ ماہ 25 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے بھی خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔ دونوں اداکاروں نے 15 جون کو دوبارہ ٹیسٹ کرایا تھا جو خوش قسمتی سے منفی آیا تھا۔
کورونا سے صحت یابی کے بعد یاسر نواز اور ندا یاسر نے ڈاؤ اسپتال میں بلڈ پلازما بھی عطیہ کیا تھا اور یاسر نواز نے کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کو اپنا پلازما عطیہ کرنے کی اپیل کی تھی۔
روبینہ اشرف
یاسر نواز اور ندا یاسر کی طرح سینئر اداکارہ روبینہ اشرف بھی حال ہی میں کورونا سے صحت یاب ہوئی ہیں۔ روبینہ اشرف میں بھی گزشتہ ماہ مئی میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی تاہم انہوں نے خود کو کورونا ہونے کی تصدیق رواں ماہ 3 جون کو کی تھی۔ کورونا کی تشخیص کے بعد 8 جون کو روبینہ اشرف کے حوالے سے خبریں وائرل ہوئیں کہ ان کی حالت تشویش ناک ہوگئی اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کرادیا گیا مگر اداکارہ نے ایسی خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔ تین دن قبل ہی روبینہ اشرف نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ وہ کورونا سے صحت یاب ہوگئیں۔ روبینہ اشرف کی بیٹی نے بھی والدہ کی صحت یابی کے حوالے سے آگاہ کیا تھا جب کہ اداکارہ کے شوہر نےمیڈیا کو بتایا کہ ان کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے، تاہم وہ کچھ دن تک ہسپتال میں رہیں گی۔
نوید رضا
ان سے قبل اداکار نوید رضا بھی کورونا سے رواں ماہ 11 جون کو صحت یاب ہوگئے تھے۔ نوید رضا میں بھی 25 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے بھی خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔ قرنطینہ کے دوران بھی انہوں نے مداحوں سے کورونا کو مذاق نہ سمجھنے اور احتیاط کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔ نوید رضا کا دوسرا ٹیسٹ 10 جون کو کیا گیا تھا جو خوش قسمتی سے منفی آیا۔
شفاعت علی
کامیڈین و میزبان شفاعت علی میں بھی رواں ماہ کے آغاز میں 7 جون کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے بھی خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔ شفاعت علی نے 18 جون کو اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کا دوسرا ٹیسٹ 19 جون کو کیا جائے گا اور انہوں نے قرنطینہ میں 2 ہفتے گزار لیے ہیں۔ شفاعت علی مداحوں سے منفی ٹیسٹ آنے کے لیے دعا کی اپیل کی تھی تاہم مذکورہ ٹوئٹ کے بعد کامیڈین نے اپنے ٹیسٹ کے نتائج کے حوالے سے کوئی ٹوئٹ نہیں کی اور نہ ہی مداحوں کو اپنی طبیعت کے حوالے سے مزید آگاہ کیا۔
::::Day 14::::
Past 2 weeks have been hard.
But they have definitely changed my perception towards life, towards people.
Thank you all who have been supportive, showed love, called, sent texts, inbox, DMs n emails
Let's hope my results come negative tomorrow. #COVID19— Shafaat Ali (@iamshafaatali) June 18, 2020
