کورونا وائرس : امریکی وزیر دفاع کا پاکستان، بھارت کا دورہ ملتوی

کورونا وائرس سے حفاظتی اقدامات کے تحت امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا دورہ پاکستان اور بھارت ملتوی۔
امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون کے مطابق سیکریٹری ڈیفنس مارک ایسپر کا16 سے 20 مارچ تک ہونے والا جنوبی اور وسطی ایشیا کا دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔پنٹاگون نے مزید کہا کہ امریکی وزیردفاع کا دورہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔
ادھر خوف کے باوجود وہائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کسی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ ایک ایسے وقت جب امریکا میں کورونا وائرس کے 732 کیسز کی تصدیق ہو چکی اور اب تک وباء سے 27 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ وہائٹ ہاؤس کا دعویٰ ہے کہ امریکی صدر کو کسی تشخیص کی ضرورت نہیں ہے، حالانکہ ان کے سیاسی حلقے کے کئی ارکان ازخود قرنطینہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ وہائٹ ہاؤس کے آنے والے چیف آف اسٹاف مارک میڈوز ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود بدھ تک گھر سے باہر نہیں نکلیں گے۔
پینٹاگون کی ترجمان الیسا فرح کا کہنا تھا کہ ‘کئی انتباہ ملنے کے بعد سیکریٹری دفاع نے اپنا سفر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ دورہ بعد میں کیا جائے گا’۔ مارک ایسپر کا معطل ہونے والے دورے کا براہ راست تعلق امن معاہدے سے تھا جسے حتمی شکل دینے میں پاکستان نے مدد کی تھی اور واشنگٹن چاہتا ہے کہ اسلام آباد اس کے نفاذ میں بھی مدد کرے۔
دسمبر میں چین سے سامنے آنے والے خوفناک وائرس نے اب تک دنیا بھر میں ایک لاکھ 20 ہزار لوگوں کو متاثر کردیا ہے اور 4 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اس وبا کی وجہ سے واشنگٹن کو اپنے تمام غیر ملکی دوروں پر نظر ثانی کرنی پڑ گئی ہے تاکہ ان کے حکام وائرس سے متاثر نہ ہوں۔