کورونا وائرس : ایران نے پاکستان پر الزام عائد کردیا

ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ملک میں کرونا وائرس پاکستان، افغانستان اور چین سے غیر قانونی افراد کے داخل ہونے پر پھیلا۔ ایران میں تیزی سے پھیلتے کرونا وائرس کے پاکستان منتقل ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں تیزی سے اضافے اور اس کے دنیا کے مختلف ممالک میں پھیلاؤ سے ماہرین کو خدشہ ہے کہ یہ بیماری وبائی شکل اختیار کرسکتی ہے۔ کورونا وائرس یعنی کووڈ-19 سے متاثرہ افراد کی سب سے زیادہ تعداد چین میں ہے لیکن اس کے علاوہ اب جنوبی کوریا، اٹلی اور ایران میں بھی یہ تیزی سے پھیل رہا ہے اور اسے روکنے کےلیے جدوجہد کی جا رہی ہے۔
ایران میں بری تعداد میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ایرانی حکام نے وائرس کے پھیلاؤ کا ملبہ پاکستان پر ڈال دیا ہے۔ ایرانی حکام نے کہا ہے کہ کرونا وائرس پاکستان ،افغانستان اور چین سے غیر قانونی افراد کے داخل ہونے پر ایران میں پھیلا۔
سرحد پر پاکستان ہاؤس میں سو بیڈ پر مشتمل خیمہ رہائش گاہ برائے زائرین میں چار سو زائرین موجود ہیں۔ جن کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ ان تمام افراد کی 14 دن تک نگرانی میں رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر عمران نے کہا کہ سرحد کو بند کر دیا گیا ہے۔ ایران میں کرونا وائرس سے 50 افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھی جس کو ایران نے مسترد کرتے ہوئے 12 افراد کی موت کی تصدیق کی۔
ایران میں بدھ کو کرونا وائرس کے مریضوں کی پہلی مرتبہ اطلاع سامنے آئی تھی اور تہران کے جنوب میں واقع اہل تشیع کےلیے متبرک شہر قم میں حکام نے دو ضعیف العمر افراد کی اس وائرس سے موت کی تصدیق کی تھی۔ مشرق وسطیٰ میں واقع کسی ملک میں کرونا وائرس سے یہ پہلی اموات ہیں۔ جب کہ حکومت بلوچستان کے ترجمان میر لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کےلیے تفتان بارڈر پر ایران جانے اور آنے والے زائرین اور شہریوں پر پابندی عائد کردی گئی، ایران میں موجود پاکستانی زائرین مارچ میں واپس آئیں گے ایران سے بات کی جائے گی کہ زائرین کو ابھی ایران میں ہی روکا جائے کرونا وائرس پر قابو پانے تک کوئی بھی شخص یا زائرین ایران نہیں جائے گا تفتان میں موجود لوگوں کو کھانے پینے کا بندوبست کیا جائے گا صوبے کے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔
دوسری جانب ایران میں کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ ساتھ ترکی اور آرمینیا نے بھی ایران کے ساتھ اپنی سرحد کو بند کردیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے صوبوں قم، اردیبل، البرز، مرکزی، ہمیدان، قزوین اور گیلان کی صوبائی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کے سدباب کےلئے پرائمری اور مڈل اسکولوں، یونیورسٹیوں اور دینی مدرسوں میں سے متعدد ایک دن، بعض 2 دن اور بعض میں ہفتہ بھر بند رکھنے کا اعلان اور ملک بھر میں اسپورٹس مقابلوں کو 10 دن کےلئے ملتوی کر دیا گیا تھا اور تمام ثقافتی و فنّی سرگرمیوں کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button