کورونا وائرس : ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 1.7 ارب ڈالر قرض دے گا

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا وائرس کی عالمی وباء سے ہونے والے مالی نقصانات کو برداشت کرنے کےلیے پاکستان کو رواں برس کے اختتام تک ایک ارب 70 کروڑ ڈالر قرض دینے پر اتفاق کیا ہے۔
وزارت برائے اقتصادی امور نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا وائرس کے ردعمل میں تعاون کےلیے پاکستان کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بجٹ سپورٹ کےلیے 80 کروڑ ڈالر دے گا جو رواں برس جون میں منظور ہوگا اور دسمبر تک باقی90 کروڑ ڈالر دیے جائیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک خصوصی رعایتی شرح پر بجٹ تعاون کو توسیع دے گا، یہ فیصلہ وزیر برائے اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماسا سوگو اساکاوا کی ملاقات کے بعد کیا گیا تھا۔
گزشتہ ماہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پرسنل پروٹیکٹو ایکوئپمنٹ اور دیگر طبی سامان کی خریداری کےلیے پاکستان کےلیے 25 لاکھ ڈالر گرانٹ منظوری دی تھی۔
یاد رہے کہ 13 اپریل کو ایشیائی ترقیاتی بینک نے ترقی پذیر ممالک کو کورونا وائرس کی وبا کے باعث معاشی نقصانات کے ازالے کےلیے 20 ارب ڈالر کا بڑا پیکج دینے کا اعلان کیا تھا یہ ایک ارب 70 کروڑ ڈالر اسی پروگرام کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے خبردار کیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشت کو 4 ہزار 100 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ ہے اور امریکا، یورپ اور دیگر بڑی معیشتیں شدید متاثر ہوں گی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے 18 مارچ کو کورونا سے نمٹنے کےلیے رکن ممالک کو سہولت فراہم کرنے کی خاطر 6 ارب 50 کروڑ ڈالر مختص کیے تھے۔
بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘ہم اپنے رکن ممالک کو اس حوالے سے جارحانہ اقدامات کےلیے ساتھ دے رہے ہیں تاکہ غریب، نادار افراد اور خطے بھر میں وسیع پیمانے پر تمام افراد کا تحفظ کیا جائے اور معاشی حوالے سے یقینی بنایا جائے کہ تمام ممالک فوری طور پر نقصانات کا ازالہ کرپائیں’۔
