کورونا وائرس: برطانوی کھلاڑی دورہ سری لنکا میں ہاتھ نہیں ملائیں گے

انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے انگلینڈ کے کھلاڑی سری لنکا کے دورے کے دوران کسی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔ دورہ سری لنکا کے دوارن انگلش کھلاڑی کسی کو مبارک باد دینے کے لیے مکے سے مکا جوڑیں گے۔
دو ٹیسٹ کی سیریز کےلیے سری لنکا روانگی سے قبل روٹ سے کورونا وائرس کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انگلینڈ کے کپتان نے کہا کہ دورہ جنوبی افریقہ میں پورے اسکواڈ کے بیماریوں کا شکار ہونے کے سبب ہم کم سے کم رابطے کی افادیت سے واقف ہیں اور جراثیم کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے ہماری طبی ٹیم نے ہمیں بہت مفید مشورے دیے ہیں۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم پیٹ اور نزلے کی بیماریوں کا شکار ہوگئی تھی۔
جو روٹ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملائیں گے اور مستقل ہاتھ دھو رہے ہیں، ابھی دورہ متاثر ہونے کا اندیشہ نہیں لیکن ہم موجودہ صورتحال پر حکام سے رابطے میں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دورہ منصوبے کے مطابق انجام کو پہنچے گا۔
انگلینڈ کی ٹیم دورہ سری لنکا میں پہلے دو پریکٹس میچ کھیلے گی جس کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہو گا جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
یاد رہے کہ دو سال قبل انگلینڈ نے سری لنکا میں 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن روٹ کو لگتا ہے کہ اس مرتبہ سری لنکن ٹیم سخت حریف ثابت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سال کے جس حصے میں یہاں آئے ہیں، اس کو دیکھتے ہوئے کنڈیشنز مختلف ہوں گی، دو سال قبل بھی جو میچز کھیلے گئے تھے وہ بہت دلچسپ تھے اور تمام میچوں میں کامیابی کا مارجن 60رنز سے کم تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button