کورونا وائرس: تھرمل اسکینرز مزید 4 ایئرپورٹس پر نصب

ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کےلیے وزارت صحت نے اسلام آباد کے بعد اب کراچی، لاہور اور پشاور ایئرپورٹس پر بھی جدید تھرمل اسکینرز نصب کردیے۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر نے کہا ہے کہ جدید اسکینرز کو کراچی، لاہور اور پشاور ایئرپورٹ پر بھی نصب کردیا گیا ہے، جدید اسکینرز کی مدد سے کورونا وائرس کی روک تھام کا عمل مزید مؤثر اور مربوط ہوگیا ہے، یہ جدید اسکینر خود کار نظام کے تحت فلو اور بخار کی تشخیص کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس پر میڈیکل ٹیمز کو تعینات کردیا گیا تھا جنہوں نے اب تک بین الاقوامی پروازوں سے آنے والے 6 لاکھ سے زائد مسافروں کو اسکین کیا۔
ابتدائی طور پر ایک تھرمل اسکینر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نصب کیا گیا تھا جب کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور کو بھی یہ مشینز فراہم کردی گئیں۔ ایئرپورٹس پر نصب کیے گئے تھرمل اسکینرز صحت حکام کو مسافروں کی اسکیننگ کم سے کم وقت میں مکمل کرنے میں مدد دیں گے۔
تمام بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں اور عملے کے افراد کو کورونا وائرس کی علامات دیکھنے کےلیے اسکین کیا جائے گا اور مشتبہ مسافر کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور بعدازاں انہیں مزید علاج کےلیے سرکاری اسپتال منتقل کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت نے 5 جدید اسکینرز کو درآمد کیا تھا، جس میں سے 4 ایئرپورٹس پر نصب کردیے گئے جب کہ ایک اسکینر کو ضرورت پڑنے پر استعمال کرنے کےلیے رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے 4 تصدیق شدہ کیسز کے سامنے آنے کے بعد وفاقی و صوبائی حکومتوں نے احتیاطی اقدامات اٹھاتے ہوئے پڑوسی ممالک سے سرحد بند کرنے اور صوبہ سندھ اور بلوچستان میں تعلیمی اداروں کی بندش کا بھی اعلان کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button