کورونا وائرس: سعودی عرب نے ہمسایہ ممالک زمینی رابطہ محدود کردیا

سعودی عرب نے کورونا وائرس کی روک تھام کےلیے ہمسایہ ممالک سے احتیاطی تدابیراختیار کرتے ہوئے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔
سعودی پریس ایجنسی نے وزارت داخلہ کے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خلیجی پڑوسیوں متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین سے صرف کمرشل ٹرکوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق ان ممالک سے آنے والے جہازوں کو صرف 3 ایئرپورٹس پر اجازت ہوگی جن میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔ ان تینوں ایئرپورٹس پر وزارت صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیر بھی اپنائی جائیں گی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ کسی بھی ملک سے سعودی عرب میں داخل ہونے کے خواہش مند افراد کو لیبارٹری ٹیسٹ سرٹیفکیٹ بھی جمع کرانا ہوگا جس میں ثابت کیا گیا ہو کہ وہ نئے کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس کا اطلاق ان پر ہوگا جو ریاست میں داخل ہونے سے قبل ملک میں 14 روز قیام کرچکے ہوں گے۔ طیاروں کو بھی اس بات کی یقین دہانی کرانی ہوگی کہ لیبارٹری سرٹیفکیٹ محفوظ ہے اور مسافروں کی بورڈنگ سے قبل گزشتہ 24 گھنٹوں ہی کی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت صحت نے اس سے قبل ریاست میں کورونا وائرس کے 5 کیسز کی تصدیق کی تھی جن میں سے ایک ایران سے براستہ کویت ملک میں داخل ہوا تھا اور اس نے یہ بیماری اپنی اہلیہ میں بھی منتقل کی تھی۔ ایک اور شہری جو ایران سے بحرین کے راستے آیا تھا، میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مکہ میں ادا کیا جانے والا عمرہ منسوخ کردیا ہے اور مکہ میں حرم اور مدینہ میں مسجد نبوی سمیت ریاست کی تمام مساجد کو ڈس انفیکٹ کرنے کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ 4 مارچ کو سعودی عرب نے کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے باعث عمرے کی ادائیگی عارضی طور پر معطل کردی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ‘کورونا وائرس کے حوالے سے نگرانی کےلیے بنائی گئی کمیٹی کی تجاویز پر شہریوں اور مقیم افراد کےلیے عمرے کی ادائیگی کو عارضی طور پر معطل کیا گیا۔ سعودی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ فیصلے کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور حالات تبدیل ہوتے ہی فیصلے کو واپس لے لیا جائے گا۔
حکومت نے مکہ اور مدینہ میں غیر ملکیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کی تھی تاہم دونوں مقدس شہر سعودی عرب کے شہریوں کےلیے اب بھی کھلے ہوئے ہیں جہاں شہریوں کو نماز اور عبادات کرنے کی اجازت ہے۔
