کورونا وائرس: سندھ اور بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان

بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک جبکہ سندھ حکومت نے دو روز تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے.
بلوچستان کی صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اور مدارس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند کی جانب سے صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس سے حفاظتی اقدام اور بچوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
دوسری طرف صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے صوبے بھر میں 2 روز کے لیے تعلمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
صوبہ سندھ میں بھی تعلیمی ادارے دو روز کے لیے بند کرنے سے متعلق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے ٹوئٹ میں کہا کہ صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے جمعرات اور جمعے کو بند رہیں گے۔


خیال رہے کہ صوبائی وزیرتعلیم نے اپنی ٹوئٹ میں چھٹی کی وجوہات نہیں بتائی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا کے دو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور یہ کیسز کراچی اور اسلام آباد میں رپورٹ ہوئے ہیں۔کراچی کے 22 سالہ یحییٰ جعفری میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ اسلام آباد سے تشخیص ہونے والے مریض کی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔دونوں مریضوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے اور دونوں کو آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق پاکستان میں سامنے آنے والے دونوں متاثرہ افراد نے گذشتہ دنوں ایران کا سفر کیا ہے۔
خیال رہے کہ ایران میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے بعد بلوچستان میں پاک ایران سرحد بند کردی گئی ہے جبکہ ایران سے آنے والے 250 زائرین کو تفتان میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔صوبائی حکومت کی جانب سے سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button