کورونا وائرس سے مزید 44 افراد ہلاک، 36 ہزار سے زائد صحتیاب

چین میں کورونا وائرس سے مزید 44 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ اب تک وائرس سے متاثرہ 36 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ووہان میں مزید 335 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ وائرس سے متاثرہ مزید 44 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ چینی حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 درجن سے زائد افراد کی ہلاکتوں کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2788 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 78 ہزار 832 تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری طرف ایران میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 34 تک پہنچ گئی ہے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے مزید 8 کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 34 ہوگئی ہے۔ایران کی وزارتِ صحت کے ترجمان ’خیانوش جہانپور‘ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 143 افراد میں وائرس کی تصدیق کی جاچکی ہے جس کے بعد ایران میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 388 ہوگئی ہے۔ایران میں وائرس کا پہلا کیس شہر ’قم‘ میں 19 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ایک ہی دن میں وائرس سے متاثرہ افراد کے اتنے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
خیانوش جہانپور نے مزید بتایا کہ نئے سامنے آنے والے کیسز میں سے 64 ایران کے دارالخلافہ ’تہران‘ میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اب تک یہ خطرناک وائرس ایران کے 24 صوبوں میں پھیل چکا ہے۔
اس وقت کورونا وائرس چین اور ایشیا سے نکل کر دنیا کے دوسرے اور تقریبا تمام خطوں میں 50 سے زائد ممالک میں پہنچ چکا ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 84 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ نائیجیریا اور لیتھونیا میں بھی کورونا وائرس کا ایک ایک مریض سامنے آیا ہے جس کے بعد وائرس سے متاثرہ ممالک کی تعداد 54 ہو گئی ہے۔ شمالی آئرلینڈ میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے جب کہ برطانیہ بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ فرانس میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 34 ہوگئی ہے۔
اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے جب کہ 56 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ اس کے علاوہ چین میں بھی 8 ہزار کے قریب افراد کی حالت ابتر ہے۔ ایران، ہانگ کانگ، سنگاپور، جرمنی اور جاپان میں بھی کورونا وارئرس کے شدید متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔
پاکستان میں دو افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
چین کے بعد کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض جنوبی کوریا میں سامنے آئے ہیں جہاں متاثرین کی تعداد 2 ہزار 22 تک پہنچ گئی ہے جب کہ چین کے علاوہ وائرس سے دنیا بھر میں اموات کی تعداد 70 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر سعودی عرب نے چین سمیت 7 ملکوں کے سیاحوں کے لیے ای ویزہ کی سہولت عارضی معطل کر دی ہے جب کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے بھی سعودی عرب کے لیے فضائی آپریشن معطل کر دیا ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت اور امریکی صحت سے متعلق اداروں کے تعاون سے چلنے والے آن لائن میپ سینٹر فار سسٹمز سائنس اینڈ انجنیئرنگ کے چین کے علاوہ بھی دیگر ممالک سے کورونا وائرس کے مریض صحت یاب ہو رہے ہیں۔
گزشتہ روز تک دنیا بھر میں وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 32 ہزار 898 تھی جو 28 فروری کی دوپہر تک بڑھ کر 36 ہزار 652 تک پہنچ گئی۔ چین کے علاوہ جاپان، جنوبی کوریا، ویتنام، فرانس، برطانیہ، روس، آسٹریلیا، اسپین، ایران، امریکا، مصر اور فن لینڈ سمیت دیگر ممالک میں بھی وائرس سے متاثرہ افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
اگرچہ تاحال کورونا وائرس سے بچاؤ کی خصوصی ویکسین یا دوا تیار نہیں کی گئی تاہم ماہرین صحت مریض کی رپورٹس کی روشنی میں متبادل دوائوں سے ان کا علاج کر رہے ہیں۔
