کورونا وائرس نے ایران کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا

ایران کے صدر حسن روحانی نے انکشاف کیا ہے کہ کرونا وائرس ملک کے تمام صوبوں میں پھیل چکا ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے تمام صوبوں میں کرونا وائرس سے متاثر افراد موجود ہیں، یہ عالمی بیماری ہمارے ملک کے تمام علاقوں میں پھیل چکی ہے۔ ایران کے صدارتی آفس کی سرکاری ویب سائٹ سے جاری بیان کے مطابق صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ وبا بہت بڑے پیمانے پر پھیل چکی ہے لیکن ہم کم سے کم اموات کے ساتھ اس وبا پر قابو پا لیں گے۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں ایران کے اول نائب صدر اسحاق جہانگیری بھی شامل ہیں تاہم سرکاری سطح پر ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
ایران کی نائب صدر برائے خواتین بھی کورونا وائرس کے متاثرین میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کئی اراکین پارلیمنٹ میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
اب تک ایران کے تمام صوبوں میں کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 483 ہو چکی ہے۔
خیال رہے کہ ایران نے رواں برس 19 فروری کو کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی جہاں اب تک 92 افراد فوت ہو چکے ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت خامنہ ای کے مشیر محمد میر محمدی بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں جب کہ 2 ہزار 922 افراد اب تک متاثر ہو چکے ہیں۔ ایران میں کورونا وائرس کے زیادہ تر کیسز قم، مشہد اور تہران سے سامنے آئے تھے۔
ایران نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر کے تمام صوبائی دارالحکومتوں میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
دوسری جانب ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے ایرانی فورسز کو بھی مہلک وائرس سے نمٹنے کےلیے وزارت صحت سے تعاون کا حکم دیا ہے۔
حکام کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے حکم کے بعد 3 لاکھ فوجیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ ایرانی وزارت صحت کی جانب سے ملک بھر میں بڑا طبی آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت چھوٹے بڑے علاقوں میں اسپرے اور دیگر احتیاطی تدابیر استعمال کی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button