پاکستان کاایران سے براہ راست پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ

پاکستان نے پڑوسی ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر ایران کے ساتھ رات 12 بجے سے براہ راست پروازیں معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بذریعہ سڑک اور ریل نقل و حرکت پہلے ہی معطل کردی گئی تھی۔
ایران سے براہ راست پروازوں پر پابندی کے حوالے سے ایوی ایشن ڈویژن کے جوائنٹ سیکریٹری عبدالستار کھوکھر کی جانب سے بتایا گیا کہ 27 اور 28 فروری کی درمیانی شب یعنی رات 12 بجے سے ایران سے براہ راست پروازوں پر تاحکم ثانی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کے رپورٹ ہونے کے بعد مذکورہ فیصلہ کیا گیا کیونکہ دونوں متاثرہ اشخاص نے حال ہی میں ایران کا دورہ کیا تھا۔
دوسری طرف پاکستان سے عمرہ اور سیاحت کے لیے سعودی عرب جانے کے خواہش مند افراد بھی عارضی طور پر وہاں کا سفر نہیں کرسکیں گے۔ حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ عمرہ زائرین اور سیاحت کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم جو لوگ اقامہ رکھتے ہیں یا سعودی شہری ہیں ان کے لیے پروازیں جاری رہیں گی۔
مذکورہ فیصلہ سعودی عرب کی حکومت کے اس فیصلے کے بعد کیا گیا جس میں انہوں نے دنیا بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے اس سے متاثرہ ممالک کے لوگوں کے لیے عمرہ اور سیاحت کے لیے داخلے پر پابندی لگادی تھی۔
علاوہ ازیں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے بھی ان اقدامات سے متعلق ٹوئٹ کی اور کہا کہ اگرچہ قومی ایئرلائن اپنا فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری رکھے گا لیکن عمرہ یا سیاحت کا ویزہ رکھنے والوں کو سعودی عرب کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ ‘پی آئی اے سعودی حکومت کی دی گئی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کرے گا’۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button