کورونا وائرس کےلیے کم لاگت کی ویکسین فراہم کی جائے

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مہلک کورونا وائرس کی وبا کو روکنے کےلیے عالمی سطح پر کم لاگت کی ویکسین فراہم کرے۔
2020 کےلیے اپنی مالی مانیٹرنگ رپورٹ میں آئی ایم ایف نے عالمی سطح پر کم لاگت والی ویکسین کےلیے ہم آہنگی اور صحت کی محدود صلاحیت والے ممالک کی مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ رواں ہفتے واشنگٹن میں جاری ہونے والی اس رپورٹ میں حکومتوں پر زور دیا گیا کہ وہ صحت کے بحران کی شدت کے تناظر میں اقدامات اٹھائیں۔
آئی ایم ایف نے خدشہ ظاہر کیا کہ وائرس سے پیدا ہونے والے معاشرتی اور معاشی بحران پرعدم توجہ یا غیر سنجیدگی سے بعض ممالک میں بدامنی کی نئی لہر پیدا ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں رپورٹ میں حکومتوں پر زور دیا گیا کہ وہ اس وقت تک تعاون جاری رکھیں جب تک کہ حالات مستحکم نہ ہوں۔ آئی ایم ایف نے خبردار کیا کہ بنیادی سامان اور توانائی سے متعلق مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے یومیہ اجرت کمانے والوں کو سخت حالات کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ معاشرے کے محروم طبقے سے بنیادی حقوق چھین لیے گئے تو سخت مخالفت جنم لے سکتی ہے اور ایسی مخالفت شہری متوسط طبقے کی طرف سے ہوگی۔ آئی ایم ایف نے حکومتوں کو خبردار کیا کہ بڑے پیمانے پر بدعنوانی، عوامی پالیسی میں شفافیت کا فقدان اور سروسز کی ناقص فراہمی کی تاریخ رکھنے والے ممالک میں بدامنی کے خطرات زیادہ ہیں۔ بدامنی کی روک تھام کےلیے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے آئی ایم ایف نے کہا کہ صحت اور ہنگامی خدمات پر خرچ کرنا اہم ترجیح ہونی چاہیے۔ آئی ایم ایف نے مزید بتایا کہ متاثرہ کارکنوں اور اداروں کےلیے ہنگامی صورت حال ختم ہونے تک بڑی، عارضی اور ٹارگیٹڈ سپورٹ کی اشد ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی ایم ایف نے کورونا وائرس کی وجہ سے رونما ہونے والے منفی معاشی اثرات کے تناظر میں پاکستان کےلیے ریپڈ فنانسنگ انسٹریومینٹ (آر ایف آئی) کے تحت ایک ارب 38 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے پیکج کی منظوری دے دی تھی۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے کورونا وائرس کے باعث ادائیوں کے فوری توازن کو پورا کرنے کےلیے آر ایف ای کے تحت ایک ارب 38 کروڑ ڈالر (50 فیصد کوٹہ) پاکستان کےلیے منظور کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button