کورونا وائرس کے شکار اسپیکر قومی اسمبلی صحت یاب، گھر منتقل

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں اور ان کی ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میری کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ہے جس کے بعد اسپتال سے گھر منتقل ہو چکا ہوں اور پہلے سے بہتر محسوس کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میرے بچوں کی رپورٹ کل تک آجائے گی، سب لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری صحتیابی کیلئے دعا کی۔
الحمداللہ ، میرے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ہے۔ میرے بچوں کی رپورٹ کل تک آجائے گی۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ان کو مکمل صحت عطا فرما۔ میں تمام خیر خواہوں کا شکرگزار گزار ہوں جنہوں نے میری صحتیابی کے لیے دعا کی
— Asad Qaiser (@AsadQaiserPTI) May 12, 2020
دوسری جانب قومی اسمبلی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسپیکر اسد قیصر کو اسپتال سے اسپیکر ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے اور وہ طبیعت میں بہتری آنے کے بعد جلد ہی اپنے فرائض کی انجام دہی شروع کر دیں گے۔
خیال رہے کہ 30 اپریل کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ گھر میں ہی قرنطینہ میں تھے جب کہ ان کے خاندان کے افراد میں بھی مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ بعدازاں اسد قیصر کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بغیر گزشتہ روز قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا تھا جس میں مہلک وائرس کی صورتحال پر بحث کی گئی اور اِس اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کی تھی۔
