کورونا ویکسین لگوایئے، مہنگی گاڑی اور بندوق کا انعام پائیے!
امریکی ریاست ویسٹ ورجینیا کے گورنر اور ری پبلکن پارٹی کے رہنما جِم جسٹس نے اعلان کیا ہے کہ ان کی ریاست میں کورونا ویکسین لگوانے والوں کو ہر ہفتے بذریعہ قرعہ اندازی 16 لاکھ ڈالر نقد انعام کے علاوہ طاقتور شکاری بندوقیں اور مہنگی گاڑیاں تک بطور انعام دی جائیں گی۔
یہ ’’کووِڈ لاٹری‘‘ 20 جون سے 4 اگست تک جاری رہے گی لیکن اس میں دیئے جانے والے تمام انعامات صرف اور صرف ویسٹ ورجینیا کے رہائشیوں کےلیے ہوں گے۔اس لاٹری میں شرکت کےلیے ویسٹ ورجینیا کے وہ شہری بھی اہل ہوں گے جو کووِڈ 19 ویکسین کی پہلی خوراک (ڈوز) لے چکے ہیں اور اب دوسری خوراک کے منتظر ہیں۔15 لاکھ 80 ہزار ڈالر نقد انعام کے علاوہ، قرعہ اندازی کے ذریعے ہر ہفتے پانچ شاٹ گنز، پانچ شکاری رائفلیں اور مچھلی کے شکار کے پانچ تاحیات لائسنس دیئے جائیں گے۔دیگر انعامات میں ویسٹ ورجینیا کے کسی بھی تعلیمی ادارے میں پڑھنے کےلیے چار سالہ اسکالرشپ (12 سے 25 سالہ شہریوں کےلیے)، دو نئے راکی رِج پِک اپ ٹرک (ڈبل کیبن گاڑیاں) اور 25 ہفتوں تک ویسٹ ورجینیا اسٹیٹ پارکس میں مفت تفریح کےلیے پیکیجز شامل ہیں۔جسٹس کے اس اعلان پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’’عوامی رشوت‘‘ اور ’’شرمناک‘‘ جیسے القابات سے نوازا ہے۔ویسٹ ورجینیا کی 51 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جاچکی ہے جبکہ 41 فیصد باسیوں میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل پورا ہوچکا ہے۔