کورونا کے 90 فیصد سے زائد مریض معمولی نوعیت کے ہیں

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے کے مریضوں میں سے 90 فیصد معمولی نوعیت کے ہیں۔
یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ نشتر اسپتال کے 53 ڈاکٹروں میں سے27 ڈاکٹروں کے ٹیسٹ مثبت اور 26 کے منفی آئے ہیں جب کہ 3800 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ٹیسٹ کرنے ہیں، اس ہفتے کے آخر تک روزانہ 5 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسزکی تعداد 4227 ہے جن میں سے 19مریضوں کی حالت نازک ہے، صوبے کے مریضوں میں سے 90 فیصد معمولی نوعیت کے ہیں، جنوبی پنجاب میں کورونا کے 183 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 140 چھوٹے بڑے علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے، جی ٹی روڈ کورونا وائرس سے متعلق ہمارا ہاٹ اسپاٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ کو کسی نے غلط بریف کیا، میں خود تمام تفصیلات بتاؤں گی، ان کے تحفظات دور کرنے ملتان آئی ہوں، شاہ صاحب نے لیب میں بہتری نہ لانے کی بات کی لیکن ملتان میں3608 ٹیسٹ کیے گئے اور نشتر اسپتال سے وینٹی لیٹر لے کر کہیں اور منتقل نہیں کیے گئے۔ یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کو این 95 ماسک دے دیے گئے ہیں، ایک این 95 ماسک سے ایک ہفتہ گزارا ہوجاتا ہے، ہر ڈاکٹر کو این 95ماسک دیا گیا ہے جو ہر ہفتے تبدیل کیا جاتا ہے۔
