کپتان کی سادگی کا پیرنی کا بیانیہ ریحام نے چیلنج کردیا

اپنے ٹویٹس اور ویڈیو پیغامات کے ذریعے اکثر اپنے سابق شوہر وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنانے والی ریحام خان نے ایک مرتبہ پھر کپتان کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی عرف پنکی پیرنی کی کلاس لے ڈالی۔ ریحام خان نے بشریٰ بی بی کے ایک پرانے انٹرویو کا کلپ ری ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے پاس تو کپڑوں کی کوئی کمی نہیں تھی۔ میں نے انہیں کئی جوڑے بنوا کر دیے تھے، کیا بشریٰ بی بی نے وہ سب جلا دیے ہیں جو اب یہ کہتی ہیں کہ خان صاحب کے پاس پہننے کو صرف تین یا چار جوڑے ہی ہیں۔
یاد رہے کہ آج کل کپتان کی صوفی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ایک پرانے انٹرویو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں بشریٰ بی بی یہ کہہ رہی تھیں کہ عمران خان اتنے سادہ اور درویش ہیں کہ ان کے پاس پہننے کے لئے چند ہی کپڑوں کے جوڑے موجود ہیں جو وہ سردی اور گرمی دونوں موسموں میں پہنتے ہیں۔
بشریٰ بی بی نے اپنے انٹرویو میں یہ سوال بھی کیا کہ کیا پاکستان میں کوئی لیڈر ایسا ہوگا کہ جس کے پاس پہننے کے لیے صرف دو تین ہی پینٹ اور کوٹ ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میری عمران خان سے شادی سردیوں کے موسم میں ہوئی تاہم جب گرمیاں آئیں تو خان صاحب بدستور سردیوں والی شلوار قمیض ہی پہنا کرتے تھے۔ جب میں نے ملازم سے کہا کہ عمران خان کے گرمیوں والے کپڑے نکالے تو اس نے کہا کہ خان صاحب کے پاس گرمیوں کے کپڑے موجود ہی نہیں، وہ سردی اور گرمی میں ایک ہی شلواریں اور قمیضیں پہنتے ہیں۔ بشری نے دعوی کیا کہ اگر کوئی خان صاحب کو شلوار قمیض یا سوٹ گفٹ کردے تو وہ اسے پہن لیتے ہیں، لیکن وہ خود سے اپنے کپڑے نہیں بنواتے۔ دوران انٹرویو بشریٰ بی بی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس واقعے کے چند روز بعد کسی نے عمران خان کو پانچ جوڑے گفٹ کئے اور پھر عمران خان گرمی کے موسم میں یہی پانچ سوٹ پہنتے رہے۔
بشری بی بی کے اس انٹرویو کے کلپ کو شیئر کرتے ہوئے ایک سوشل میڈیا صارف سردار عبد الرحمن نے لکھا کہ‏‎عوام سب سے پہلے ایک ایک سوٹ اپنے وزیراعظم کے لئے جمع کروا دیں تا کہ پیرنی کی ظاہری ٹینشن ختم ہو سکے،اتنے بڑے جھوٹ بولنے سے خاتونِ اول کے ضمیر کو بھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔۔۔
ریحام خان نے عبدالرحمن کے اسی ٹویٹ کو ویڈیو سمیت ری ٹویٹ کیا ساتھ ہی یہ سوال بھی کیا کہ وہ سب کپڑے کہاں گئے جو میں نے عمران خان کو بنوا کر دیئے تھے۔ کیا انہیں جلا دیا گیا ؟ اور وہ باتھ روم کی دیواروں کے اطراف دو بڑی الماریاں کہاں گئیں جو فرش سے چھت تک کپتان کے کپڑوں سے بھری پڑی تھی۔ ریحام خان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ میں نے عمران خان کے لیے بڑی تعداد میں شلواریں قمیضیں، سوٹ اور جیکٹس خریدی تھیں، وہ سب کہاں گئیں۔
اگرچہ بشریٰ بی بی یا کپتان کے کھلاڑیوں کی جانب سے ریحام خان کے اس سوال کا جواب نہیں دیا گیا تاہم عمران خان کے قریبی حلقے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ جب ریحام خان نے تحریک انصاف کے دھرنے کے دنوں میں کپتان سے خفیہ شادی کی تو بنی گالہ میں قیام کے دوران ریحام خان نے اس گھر کی حالت ہی بدل دی تھی۔ ریحام خان نے گھر کی انٹیریر ڈیکوریشن سمیت ہر چیز کو بدل دیا تھا حتیٰ کہ کپتان کی گرومنگ کے لیے ریحام خان نے بڑی تعداد میں خان صاحب کے لیے کپڑے بھی بنوائے تھے۔ ممکنہ طور پر دس مہینے کی شادی ختم ہونے پر عمران خان نے ریحام کی تمام نشانیاں مٹانے کے لئے بنی گالہ سے انکے لیے خریدے ہوئے نئے کپڑے بھی نکال کر کسی کو دے دیئے ہوں گے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ریحام نے اپنی ٹویٹ میں سوال کیا ہے کہ جو کپڑے جوتے میں نے آپ کو لے کر دیئے تھے، کیا وہ سب جلا دیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button