کیئر اسٹارمر کی تنقید کے بعد ٹرمپ کا برطانوی فوجیوں سے متعلق یوٹرن

برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کی تنقید کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں برطانوی فوجیوں سے متعلق اپنا مؤقف تبدیل کر لیا ہے۔

امریکی صدر نے اپنے تازہ بیان میں برطانوی فوجیوں کو عظیم اور بہادر قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے فوجی ہمیشہ امریکا کے شانہ بشانہ رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ہلاک ہونے والے 457 برطانوی فوجی شدید لڑائیوں کا حصہ تھے اور وہ عظیم جنگجوؤں میں شمار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان ایسا مضبوط رشتہ ہے جو کبھی ٹوٹ نہیں سکتا، اور امریکا کے سوا برطانوی فوجیوں کا کوئی ثانی نہیں۔ ہم ان سے محبت کرتے ہیں اور ہمیشہ کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ طالبان کے خلاف جنگ کے دوران برطانوی فوجی فرنٹ لائن پر موجود نہیں تھے، جس پر برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اس بیان کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے صدر ٹرمپ سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔

Back to top button