کیا جنوبی پنجاب کبھی الگ صوبہ بن پائے گا؟

؎پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے عام انتخابات 2024 کے لیے الیکشن مہم کا آغاز کر دیا ہے، تاہم کسی پارٹی کی جانب سے ابھی تک جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا نعرہ سامنے نہیں آیا، جس پر اس خطے کے لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔گذشتہ عام انتخابات میں یہی نعرہ لگا کر تمام بڑی جماعتیں نشستیں حاصل کرتی رہی ہیں۔اس حوالے سے 2018 کے عام انتخابات کے موقعے پر باقاعدہ متحدہ جنوبی پنجاب محاذ کے نام سے اس خطے سے تعلق رکھنے والے سیاست دانوں نے تحریک انصاف سے اتحاد بھی کیا تھا، لیکن ابھی تک اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی ہے۔تاہم فروری 2024 کے عام انتخابات سے قبل کسی بڑی سیاسی جماعت نے جنوبی پنجاب صوبے کے لیے آواز اٹھائی، نہ ہی کوئی وعدہ کیا۔
سرائیکی پارٹی کے رہنما ظہور دھریجہ کے مطابق ’وسیب کے لوگ دکھی ہیں، یہ آج علیحدہ صوبے کی بات بھی نہیں کر رہے کیونکہ ان کی اپنی کوئی رائے نہیں ہوتی، ان سے جو کہلوایا جاتا ہے، وہی کہتے ہیں۔‘انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’خسرو بختیار نے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیا اور متحدہ جنوبی پنجاب محاذ بنایا۔ جب ان کو اشارہ کیا گیا کہ اسے تحریک انصاف میں ضم کر دیں تو انہوں نے اس محاذ کو پی ٹی آئی میں ضم کر دیا۔‘اس اتحاد میں سب وڈیرے اور جاگیردار شامل تھے، جنہوں نے سیاسی مفاد کے لیے علیحدہ صوبے کے لیے عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔ یہ سب تخت لاہور کے چوکیدار ہیں۔ انہوں نے ہمارے ساتھ دھوکہ کیا۔‘ اس خطے کے لوگ اپنا حق مانگ رہے ہیں، وفاق کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، کوئی علیحدہ ملک تو نہیں مانگ رہے۔‘اس خطے کی محرومیوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ وسائل اس طرح نہیں پہنچتے جتنا حصہ بنتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہاں تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات بھی آبادی کی لحاظ سے موجود نہیں۔
خیال رہے کہ آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کو تقسیم کر کے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے معاملے پر دہائیوں سے سیاست کی جاتی رہی ہے اور ہر بار جنوبی پنجاب کے باسیوں کی محرومیوں کا حل علیحدہ صوبے کا قیام بتایا جاتا رہا ہے۔جب جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک چلی تو بہاولپور کے لوگوں نے اپنی ریاست کی بحالی کا مطالبہ کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں وزیراعظم بننے کے بعد یوسف رضا گیلانی پر اس خطے سے تعلق پر جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا بانی بننے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔انہوں نے اس سلسلے میں سنجیدہ کوشش کی اور قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں قرارداد بھی پیش کی گئی۔ ساتھ ہی دعویٰ کیا گیا کہ بس اب الگ صوبہ بننے ہی والا ہے لیکن عملی طور پر کچھ نہ ہو سکا۔ ایک طرف ملتان کے لوگوں نے صوبے کا نام ’سرائیکستان‘ رکھنے کا مطالبہ کیا تو بہاولپور کے لوگوں نے صوبہ بہاولپور کی بحالی یا مشترکہ صوبے کا نام بہاولپور رکھنے کی شرط عائد کی۔
2013 کے عام انتخابات میں جب مسلم لیگ ن اس خطے سے علیحدہ صوبہ بنانے کا وعدہ کر کے کامیاب ہوئی تو انہوں نے بھی حکومت ختم ہونے سے قبل پارلیمنٹ اور پنجاب اسمبلی میں علیحدہ صوبے کے قیام کی قراردادیں جمع کروا دیں اور عملی اقدامات کے اعلانات کیے گئے لیکن وہ قراردادیں بھی ایوانوں کے ریکارڈ میں دب گئیں اور عملی طور پر کوئی انتظام نہ ہوا۔
دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے الگ صوبہ بنانے کا وعدہ وفا نہ کرنے کے طعنے پر حکمران جماعت پی ٹی آئی نے یہ ذمہ داری اٹھائی اور 2018 کے عام انتخابات سے قبل پی ٹی آئی نے علیحدہ صوبے کے لیے بننے والے سیاسی دھڑے ’جنوبی پنجاب صوبہ محاذ‘ سے باقاعدہ تحریری معاہدہ کیا کہ حکومت قائم ہونے کے 100 دن میں ہی یہ صوبہ بن جائے گا۔ تاہم 100 دن تو کیا پی ٹی آئی کے پورے دور اقتدار میں بھی جنوبی پنجاب الگ صوبہ نہ بن سکا
خیال رہے کہ آئینِ پاکستان کے مطابق کسی بھی صوبے کو تقسیم کر کے علیحدہ یونٹ قائم کرنے کے لیے قانون سازی لازمی ہے، جس کے طریقہ کار کے مطابق پارلیمنٹ میں اس قانون سازی کے حق میں اراکین کی دوتہائی اکثریت درکار ہوتی ہے جو موجودہ حالت میں کسی حکومت کے لیے حاصل کرنا مشکل نظر آتا ہے۔ایسا صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب آنے والی حکومت حزبِ اختلاف کو بھی اپنے ساتھ ملا لے۔دوسری جانب جس صوبے کو تقسیم کرنا ہو، اس کی اسمبلی سے بھی یہ قرارداد دو تہائی اکثریت سے منظوری کے بعد بل پاس کروانا ضروری ہے۔ماضی کی حکومتوں کو بھی ایسے ہی مسائل کا سامنا تھا اور آٹھ فروری 2024 کے انتخاب کے بعد جو بھی حکومت بنے گی، اسے بھی یہی مسئلہ درپیش رہے گا۔
