کیا ریکھا ہم جنس پرست ہیں؟

یہ 80 اور 90 کی دہائی کا ذکر ہے، بالی ووڈ کی حسین ساحرہ، سانولی سلونی ریکھا پردہء سکرین پر نمودار ہوتیں تو لاکھوں دلوں کی دھڑکنیں تھم جاتیں۔ کوئی نہیں کہہ سکتا تھا کہ کالی، موٹی، بھدی ناک، بڑی بڑی سیاہ آنکھوں والی "بھانوریکھا” جو بالی ووڈ میں "اگلی ڈکلنگ” کہلاتی تھیں، ایک دن بالی ووڈ پر راج کریں گی۔ سپرسٹار ریکھا۔۔۔ جو آج بھی بالی ووڈ میں سیکس سمبل اور دیوا مانی جاتی ہیں۔

بظاہر ان کا کوئی سٹائلسٹ نہیں لیکن جو اپنے لباس، انداز اور گفتگو کی وجہ سے سٹائل آئیکون کہلاتی ہیں۔ بھاری بھرکم زیورات، کنجارام کی ساڑھیاں اور تیز میک اپ ریکھا کا سگنیچر سٹائل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ مانگ میں سیندور بھرنا کبھی نہیں بھولتیں۔ سیندور، بھارتی خواتین عموماً شادی کے بعد لگاتی ہیں کیونکہ اسے سہاگ کی نشانی سمجھا جاتا ہے۔۔۔ تو پھر ریکھا اپنی مانگ میں سیندور کیوں بھرتی ہیں؟ ایک بھارتی لکھاری نے ریکھا کی زندگی پر لکھی جانے والی کتاب "یوریکھا” میں انکشاف کیا ہے کہ ریکھا "لِزبین” ہیں اور ان کے اپنی سیکرٹری فرزانہ سے گہرے تعلقات ہیں، وہ مانگ میں سیندور بھی اسی کے لئے بھرتی ہیں۔ فرزانہ پینتیس سالوں سے ریکھا کے ساتھ ہیں، انھیں ریکھا کی پرچھائیں بھی کہا جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ مردانہ حلیے میں نظر آنے والی فرزانہ کے علاوہ آج تک کسی کو ریکھا کے بیڈ روم تک بھی رسائی حاصل نہیں ہو سکی۔

دوسری طرف کچھ لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ریکھا یہ سیندور اپنے "فارایور لو” امیتابھ بچن کے لئے لگاتی ہیں۔ امیتابھ سے ریکھا کی لوسٹوری کا آغاز فلم "دو انجانے” سے ہوا، اس وقت جیا بہادری سے امیتابھ کی شادی کو صرف تین سال ہوئے تھے۔ اگرچہ یہ خبر آج بھی متنازعہ سمجھی جاتی ہے کہ بالی ووڈ کے کنگ امیتابھ بچن کے ساتھ ریکھا کا افیئر تھا یا نہیں؟ لیکن یہ سچ ہے کہ دونوں کے دل آج بھی ایک دوسرے کے لئے اسی طرح دھڑکتے ہیں جس طرح کئی سال پہلے دھڑکتے تھے۔ دونوں کی لوسٹوری کا ایک مستند گواہ فلم میکر یش چوپڑا کو بھی مانا جاتا ہے جنھوں کمال ہنرمندی سے امیتابھ اور ریکھا کے علاوہ جیا بہادری کو فلم "سلسلہ” کے لئے راضی کیا۔ اس فلم میں جیا نے امیتابھ کی بیوی اور ریکھا نے محبوبہ کا کردار نبھایا تھا۔

بہرحال 1954 میں تامل ناڈو میں جنم لینے والی ریکھا کی پہلی فلم "رنگولا رتنم” تیلگو زبان میں تھی اور اس وقت وہ چائلڈ سٹار تھیں۔ جبکہ کناڈا کی "آپریشن جیک پاٹ نیلی سی آئی ڈی 999” کو ان کی ڈیبیو فلم کہا جا سکتا ہے۔ جس کے بعد انھیں ہندی فلم "ساون بھادوں” میں کام کرنے کا موقع ملا اور یہ "ریکھا جی” کہلائیں۔
کہتے ہیں ریکھا کی پانچ شادیاں ہیں۔ پہلی شادی ان کے کوسٹار ونود مہرہ کے ساتھ ہوئی جن کی ماتا جی انھیں کسی صورت اپنی بہو ماننے کے لئے تیار نہیں تھیں چنانچہ انھیں الگ ہونا پڑا۔ اس کے بعد دیو آنند کے بھتیجے یش کوہلی، امیتابھ بچن اور سنجے دت کے ساتھ ریکھا کی ظاہر یا خفیہ شادیاں۔۔۔ تاہم ان کی آخری شادی دہلی کے ایک بزنس مین مکیش اگروال سے ہوئی تھی جو بدقسمتی سے بمشکل ایک سال چلی۔ یہ غالباً 1993 کا واقعہ ہے، ریکھا ایک شو کے سلسلے میں نیویارک میں موجود تھیں۔ شو کی تمام ٹکٹس بِک چکی تھیں جب خبر آئی کہ ان کے شوہر نے خود کشی کر لی ہے۔ ریکھا نے فوراً واپسی کے لئے اُڑان بھری اور منتظمین کو شو کینسل کرنا پڑا۔ ریکھا کی عمر اس وقت تقریباً 29 سال تھی، بہرحال اس کے بعد انھوں نے کبھی شادی تو نہیں کی لیکن ان کے ساتھ کئی نام ضرور جُڑے رہے۔

انھوں نے بالی ووڈ کو لاتعداد بلاک بسٹر فلمیں دی ہیں۔ ساون بھادوں، گھر، مقدر کا سکندر، خوبصورت، سلسلہ، امراؤ جان ادا، بسیرا، ایک ہی بھول، جیون دھارا، کل یوگ، اُتسو، اجازت، خون بھری مانگ، امیری غریبی، گیتانجلی کے علاوہ انھوں نے میڈم ایکس، کھلاڑیوں کے کھلاڑی اور کاما سوترا جیسی کئی متنازعہ فلموں میں بھی کام کیا۔
ویسے تو ریکھا ساری زندگی ہی متنازعہ رہی ہے۔ یہ بھی ان کی زندگی کا ایک اسرار ہی ہے کہ ان کی والدہ پشپاولی سے، جو خود بھی ایک ایکٹرس تھیں، ان کے والد جیمنی گنیش نے کبھی شادی نہیں کی جبکہ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ ریکھا کی پیدائش کے بعد دونوں کی شادی ہو گئی تھی۔ اسی طرح وہ کہتی ہیں کہ انھوں نے ساری زندگی کتاب کو ہاتھ نہیں لگایا، البتہ تصویروں کی حد تک اخبار وغیرہ دیکھ لیتی ہیں۔۔۔ تو یہ ہیں بالی ووڈ ہی نہیں لاکھوں دلوں پر حکومت کرنے اور بھارتی سرکار کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ "پدما شری” سمیت ان گنت ایوارڈز اور ٹائٹلز جیتنے والی ریکھا، جن کی شخصیت کے ان گنت پرت ہیں!!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button