کیا عامر خان اور ان کی اہلیہ دوبارہ اکٹھے ہونے والے ہیں؟

بالی ووڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی تصاویر نے آج کل سوشل میڈیا پر کہرام مچا رکھا ہے، ہر کوئی اداکار کے نئے روپ کے متعلق جاننے کے لیے بے قرار ہے کہ ان کی تصاویر کسی نئی فلم کی شوٹنگ کی ہیں یا کہ کوئی اور معاملہ ہے؟ فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ کے ہدایت کار ادویت چندن نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے عامر خان کی چند تصاویر شیئر کی ہیں۔ادویت چندن نے تصاویر کے کیپشن میں لکھا تھا ’’عامر خان پروڈکشنز کے نئے آفس میں پوجا‘‘، تصاویر میں عامر خان کے ساتھ ان کی سابق اہلیہ کرن راؤ کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جو اداکار کے ہمراہ پوجا میں شریک ہیں۔ یاد رہے کہ اپنی دوسری اہلیہ کرن راؤ سے طلاق کے بعد عامر خان اب اکیلے زندگی گزار رہے ہیں۔
ایسے میں یہ سوال بھی کیا جا رہا ہے کہ کیا دونوں دوبارہ سے اکٹھے ہونے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پراداکار کے منفرد انداز میں پوجا کی تصاویر دیکھ کر ان کے چاہنے والوں کے ذہن میں کئی سوالات جنم لے رہے ہیں، ایک ٹوئٹر صارف عامر خان کے اس منفرد روپ کو کسی فلم کے لیے سسپنس قرار دیتے ہوئے کہتا ہے کہ "ہمیں بتائیں کہ ہو کیا رہا ہے۔”
اسکے علاوہ کئی دیگرصارفین نے ہدایت کار سے سوال کیا کہ ہمیں بتائیں کیا چل رہا ہے، ہدایت کار ادویت چندن کے علاوہ پوجا کی یہ تصاویر ‘عامر خان پروڈکشنز’ کے آفیشل اکاؤنٹ پر بھی شیئر نہیں کی گئیں۔ جب کہ ہدایت کار کے کیپشن کے مطابق یہ تصاویر نئے آفس کے افتتاح کے موقع پر کی جانے والی پوجا کی ہیں۔یاد رہے کہ عامر خان نے فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ فلاپ ہونے کے بعد رواں برس نومبر میں 35 برسوں میں پہلی بار اداکاری سے بریک لینے کا اعلان کیا تھا۔ ایک تقریب کے موقع پر بتایا تھا کہ 35 سال سے مسلسل اداکاری کرنے کے بعد اب وہ کچھ وقت اپنے بچوں اور والدہ کے ساتھ گزارنے کے خواہش مند ہیں۔ عامر خان کی 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘ اور 2022 میں آنے والی ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ باکس آفس پر بُری طرح ناکام ہوئی تھیں۔ یہاں یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ عامر خان اور کرن راؤ میں طلاق ہو چکی ہے۔
