کیا فیروزخان نے اہلیہ پر تشدد کیلئے جم میں باڈی بنائی؟


اپنی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان پر تشدد کے الزامات کی وجہ سے شدید عوامی تنقید کی زد میں آنے والے معروف اداکار فیروز خان کے حوالے سے اداکارہ میرا سیٹھی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی بیوی پر تشدد کرنے کے لیے جم جا کر باڈی بنائی۔ معروف تجزیہ نگار نجم سیٹھی کی صاحبزادی میرا سیٹھی نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ جب انہوں نے علیزے سلطان کے والد سے ملاقات کی تو انہوں نے نہایت افسردہ انداز میں بتایا کہ فیروز خان نے جم جا جا کر باڈی بنائی تا کی ان کی بیٹی پر تشدد کر سکے؟

میرا نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ علیزے سلطان کے والدین نے فیروز خان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں، جن پر ہمیں سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے۔ میرا سیٹھی نے ٹویٹ میں بتایا کہ انہوں نے علیزے سلطان اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے فیروز خان پر کس طرح کے سنگین الزامات عائد کیے۔

میرا سیٹھی سے قبل بھی متعدد شوبز شخصیات نے فیروز خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا جب کہ اقرا عزیز نے تو ان کے ساتھ منصوبوں میں کام کرنے سے الگ ہونے کا اعلان بھی کیا تھا۔ فیروز خان پر شوبز شخصیات تب برہم ہوئیں جب ان کی سابق اہلیہ علیزے سلطان کی جانب سے کراچی کی مقامی عدالت میں خود پر تشدد کے شواہد عدالت میں پیش کیے اور ان کی جانب سے عدالت میں جمع کروائی گئی تشدد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

فیروز خان اور علیزے سلطان کے درمیان مقامی عدالت میں بچوں کی حوالگی کا کیس زیر سماعت ہے، جس میں اداکار کی سابق اہلیہ نے اپنے اوپر کیے گئے تشدد کے شواہد بھی جمع کروائے تھے۔دونوں نے گزشتہ ماہ 21 ستمبر کو تصدیق کی تھی کہ ان کے درمیان ستمبر 2022 کے شروع میں طلاق ہوگئی تھی۔ علیزے سلطان نے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے فیروز خان پر گھریلو تشدد کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔

شوبز شخصیات کی جانب سے تنقید کیے جانے کے بعد فیروز خان نے اپنے وضاحتی بیان میں خود پر لگے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ان سب افراد کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا تھا، جنہوں نے ان پر الزامات لگائے۔ فیروز خان اور علیزے سلطان نے 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2019 میں بیٹے جب کہ 2022 کے آغاز میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی اور شادی کے چار سال بعد ان کی طلاق ہوگئی۔

Back to top button