کیا مفتی قوی اورحریم شاہ کا خفیہ نکاح ہو چکا؟

نام نہاد عالم دین مفتی عبدالقوی نے معروف ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ سے خفیہ نکاح کا دعویٰ کرکے ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔ حریم شاہ نے بھی ردعمل دیتے ہوئے مفتی قوی کی کلاس لے ڈالی اور یہ موقف اختیار کیا کہ وہ ان کی بیٹی کی طرح ہیں اور کوئی باپ اپنی بیٹی سے نکاح نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا بیہودہ دعویٰ صرف کوئی بے ضمیر اور بے غیرت شخص ہی کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایک انٹرویو میں ماضی میں ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کے الزامات کا سامنا کرنے والے نام نہاد مذہبی سکالر مفتی عبدالقوی نے اسلام آباد کی ایک خاتون سے باہمی رضامندی سے نکاح کرنے کا انکشاف کیا تھا۔ مفتی قوی نے دعوی کیا تھا کہ انہوں نے اسلام آباد کی ایک خاتون سے خفیہ نکاح کر لیا ہے جسکا ابھی انکے گھر والوں کو علم نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دین اسلام نے نکاح کو بہت آسان بنایا ہے ، اس لئے میں نے کسی او ر سے نہیں بلکہ صرف اس خاتون سے پوچھا کہ میں آپ سے نکاح کرنا چاہتا ہوں، کیا وہ راضی ہیں؟ خاتون اچھی تھی اس نے فوراً حامی بھر لی اور بولیں کہ میرے لیے اس سے بڑا اعزاز تو اور کوئی ہو ہی نہیں سکتا کہ میں مفتی قوی کے عقد میں آجاؤں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے خاموشی سے نکاح کر لیا کیوںکہ اگر جسم ہمارا ہے تو پھر اس پر مرضی بھی ہماری ہی چلے گی۔ مفتی قوی نے مزید دعوی کیا کہ نکاح کے بعد خاتون نے نہ صرف مجھے دل دے دیا بلکہ میرا جسم میری مرضی کے نعرے کے عین مطابق اپنا جسم اور اپنا گھر بھی مجھے سونپ دیا۔
مفتی عبدالقوی نے اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ انہوں نے اسلام آباد کی جس خاتون کے ساتھ نکاح کیا ہے وہ حریم شاہ ہیں لیکن اب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیر گردش ہے جس میں مفتی عبدالقوی اور ٹک ٹاک سٹار حریم شاہ ایک دوسرے کے سامنے بیٹھ کر نکاح کے معاملے پر بحث کررہے ہیں۔ نکاح کا دعویٰ کرنے پر حریم شاہ مفتی عبدالقوی پر برہم نظر آرہی ہیں۔ حریم شاہ یہ کہتی دکھائی دیتی ہیں کہ میں تو زندگی میں آج پہلی مرتبہ مفتی قوی کو مل رہی ہوں اور اس سے پہلے کبھی میری ان سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے مفتی عبدالقوی کے ساتھ ملنے کا نہ شوق ہے اور نہ ہی میں نے کبھی کسی کے ذریعے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ حریم شاہ نے کہا کہ مفتی عبدالقوی سستی شہرت کے لیے میرے خلاف بولتے ہیں، کبھی کہتے ہیں میں نے حریم کو گلے لگا لیا اور کبھی کہتے ہیں کہ میں نے حریم کو سمجھا دیا ہے وہ کبھی ٹک ٹاک نہیں بنائے گی۔ اور سونے پر سہاگہ یہ کہ اب انہوں نے یہ جھوٹا دعویٰ کر ڈالا کہ انھوں نے مجھ سے نکاح کر لیا ہے۔ حریم شاہ نے مفتی قوی کے سامنے بیٹھے ان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی بیٹی کی طرح ہوں، کیا کوئی بیٹی سے بھی نکاح کرتا ہے؟ حریم شاہ نے مفتی عبدالقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مبشر لقمان کے شو میں جاکر کہا کہ آپ نے مجھ سے نکاح کر رکھا ہے۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے مفتی عبدالقوی نے سارا مدعا مبشر لقمان پر ڈال دیا اور کہا کہ میں نے پروگرام کے دوران کہیں بھی آپکا نام نہیں لیا لیکن مبشرلقمان کی سوچ اس جانب گئی۔ جواب میں حریم شاہ نے انہائی غصے میں کہا۔کہ اگر آپ کے ذہن میں یہ نہیں تھا تو پھر آپ مبشر کی باتوں پر مسلسل کیوں مسکراتے رہے۔
مفتی قوی نے حریم سے کہا کہ آپ کی اور میری عمر میں کافی فرق ہے اس لئے میں آپ سے نکاح کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ اس پر حریم شاہ نے کہا کہ آپ تو کہتے ہیں کہ مجھے لڑکی پسند آ جائے تو میں چھوٹی عمر کی بچیوں سے بھی نکاح کر لیتا ہوں۔ عالم دین ہو کر آپ کو ایسی بات کرنے پر شرم آنی چاہیے۔
