کیا پاکستانی فلم 100 ممالک کی فلموں کا مقابلہ کر پائے گی؟

مخنث افراد کی کہانی پر مبنی پاکستانی فلم جوائے لینڈ کو ہالی ووڈ کے سب سے بڑے ایوارڈ آسکر کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے، آسکر کی غیرملکی کیٹیگری کی فلموں میں ’’جوائے لینڈ‘‘ کا مقابلہ بھارت، چین، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا، فرانس اور اسرائیل سمیت 100 ممالک کی فلموں سے ہوگا۔ ’’آسکر‘‘ کی جانب سے ایوارڈ کی نامزدگیوں کا اعلان 21 دسمبر 2022 کو کیا جائے گا، جس کے بعد اکیڈمی 24 جنوری کو شارٹ لسٹ ہونے والی فلموں کا اعلان کرے گی اور 12 مارچ 2023 کو 95 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب لاس اینجلس میں منعقد ہوگی۔

یاد رہے کہ رواں برس اگست میں پاکستان کی آسکر کمیٹی نے فلم سازوں کو ایوارڈ کیلئے فلمیں بھیجنے کی دعوت دی تھی اور اب کمیٹی نے ایوارڈ کیلئے فلم ساز صائم صادق کی فلم ’’جوائے لینڈ‘‘ کو منتخب کرلیا۔ کمیٹی کی جانب سے تصدیق کی گئی یے کہ متفقہ طور پر ’جوائے لینڈ‘ کو آسکر کے لیے نامزد کیا گیا ہے اور اُمید کی جاتی ہے کہ یہ فلم پاکستان کو ایوارڈ دلانے میں کامیاب جائے گی، کمیٹی کی جانب سے فلم کو آسکر کے لیے منتخب کیے جانے پر فلم ساز صائم صادق سمیت پروڈیوسر سرمد کھوسٹ اور اپوروا گرو چرن نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔

جوائے لینڈ کو منتخب کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا جبکہ حال ہی میں فلم کی ٹیم نے اسے رواں برس 18 نومبر کو سینماؤں میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو رواں برس مئی میں فرانس میں ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھا اور اسے کانز کے اعلیٰ ترین ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا، جوائے لینڈ کو ’کانز کوئیر پام‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جوکہ خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔

’’جوائے لینڈ‘‘ پہلی پاکستانی فلم تھی، جس نے ’کوئیر پام‘ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔علاوہ ازیں فلم کو ’ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ سمیت دیگر عالمی میلوں میں بھی پیش کیا جا چکا ہے اور فلم نے دیگر عالمی ایوارڈز بھی اپنے نام کر رکھے ہیں۔ ’’جوائے لینڈ‘‘ کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد اور مخنث ڈانسر کے گرد گھومتی ہے جو ڈانس کلب میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔ فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالی ایوارڈ دیا گیا تھا، فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

Back to top button