کیا کوے بھی ذہین ہوتے ہیں؟

ذہانت کی بات ہو تو صدیوں سے سائنسدان پرندوں کو احمق سمجھتے تھے مگر ایک پرندہ جو انہیں ہمیشہ سے حیران کرتا آرہا ہے وہ کوا ہے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران سائنس نے جانا ہے کہ کوے چیزیں بنانے، ذخیرہ کرنے اور ٹولز کی نگہداشت کی صلاحیت رکھتے ہیں، وہ کھیلنا پسند کرتے ہیں اور اپنے اندر بہت زیادہ کینہ بھی رکھتے ہیں۔درحقیقت جس کسی کو کبھی کوے کا سامنا ہوا ہے وہ جانتا ہے کہ یہ پرندہ کافی ذہین ہوتا ہے جب ہی تو اسے سیانا کوا بھی کہا جاتا ہے۔
مگر اب ایک نئی تحقیق میں ثابت کیا گیا ہے کہ یہ ہمارے اندازوں سے بھی زیادہ اسمارٹ یا ذہین پرندہ ہے۔سائنسدانوں نے دریافت کیا کہ کوے ایک سے 4 تک بلند آواز میں گنتی بھی کر سکتے ہیں۔جی ہاں واقعی یہ پرندہ نہ صرف گنتی کر سکتا ہے بلکہ اسکرین پر نمبروں کو دیکھ کر اس کے مطابق کاں کاں کر سکتا ہے۔
جرمنی کی Tübingen یونیورسٹی کی اس دلچسپ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کوے جس طرح نمبروں کو شناخت اور اس کے مطابق ردعمل ظاہر کرتے ہیں، وہ انسانوں سے ملتا جلتا عمل ہے۔
