کینسر سے صحت یابی کے بعد نفیسہ علی شوبز میں واپسی کیلئے پر عزم

کینسر جیسے موضی مرض سے صحت یاب ہونے کے بعد بولی وڈ کی سینیئر اداکارہ 64 سالہ نفیسہ علی شوبز میں واپسی کے لیے پرعزم ہیں اور جلد ہی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیں گی۔
نفیسہ علی میں نومبر 2018 میں ’اوورین اور پیریٹونیل کینسر‘ کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے بھارت میں ہی علاج کروایا۔
نفیسہ علی نے 28 جولائی کو انسٹاگرام پر فلم اسکرپٹ کے ساتھ سیلفی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جلد ہی ممبئی میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہوجائیں گی۔
انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ وہ کئی سال بعد فلم کا اسکرپٹ پڑھ رہی ہیں اور کئی سال بعد دوبارہ اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔
نفیسہ علی نے بتایا کہ کینسر کے ری مشن (ری مشن ایک طبی اصطلاح ہے، جس کی معنی مرض سے چھٹکارہ حاصل کرنا یا پھر بیماری کی علامات کا ختم ہوجانا ہے) ہو جانے کے بعد وہ کافی عرصے بعد پردے پر دکھائی دیں گی۔
نفیسہ علی نے 30 جولائی کو فیس ماسک کے ساتھ اپنی سیلفی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ لائٹ اور کیمرے کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
نفیسہ علی نے کینسر سے صحت یاب ہونے سے متعلق ابتدائی طور پر جولائی 2019 میں انہوں نے پوسٹ کی تھی اور لکھا تھا کہ وہ سینیئر اداکارہ ہونے کے ناتے بولی وڈ میں اچھی کہانیوں پر مبنی فلموں میں کام کی پیش کش کی منتظر ہیں۔
اسی حوالے سے انڈین ایکسپریس نے بتایا کہ نفیسہ علی ایک سال قبل ہی صحت یاب ہوگئی تھیں اور انہوں نے کینسر کا علاج گووا سے کروایا۔
کینسر کے علاج کے دوران ان میں جلد کی بیماری کی بھی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے اس کا بھی علاج کروایا تھا۔
خیال رہے کہ نفیسہ علی بھارتی ریاست بنگال کے شہر کولکتا میں مسلم گھرانے میں پیدا ہوئیں، زمانہ طالب علمی میں وہ اسپورٹس میں دلچسپی رکھتی تھیں اور انہوں نے سوئمنگ کے نیشنل ایوارڈز بھی حاصل کیے۔
