کینسر کا مریض ہوں،نیب آفس پیش نہیں ہو سکتا

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے نیب طلبی پر پیش نہ ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے تحریر جواب جمع کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے نیب کے نوٹس پر نیب آفس میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کے مطابق شہباز شریف نے نیب کو تحریری جواب جمع کرا دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے بھی شہباز شریف نیب کے سامنے پیش ہوتے رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن کے پیش نظر شہباز شریف نیب میں پیش نہیں ہوںگے۔کیوں کہ وہ خود کینسر کے مریض ہیں لہٰذا انہیں زیادہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ جمع کرائے گئے جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس ختم ہونے کے بعد اگر نیب طلب کرے گی تو وہ ضرور پیش ہوں گے۔
گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو آج بروز جمعہ نیب آفس طلب کیا گیا تھا، نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا گیا۔ اس سلسلے میں شہباز شریف کو بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ وہ اپنے ساتھ اپنے ملکی اور غیر ملکی اثاثوں کی تفصیلات اور ان کو وراثت میں ملنے والے اثاثوں کی تفصیلات، مقامی بینک سے لئے گئے قرضہ کی تفصیلات سمیت نیب کو طلب وہ تمام معلومات جن کے بارے میں نیب نے انہیں سوال نامہ دے رکھا ہے کی ریکارڈ کے ساتھ مکمل تفصیلات کے ہمراہ پیش ہوں۔
اسی حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اور حکومتی وزراء کی نیب انکوائریاں بند پڑی ہیں اور کسی میں انہیں کھولنے کی ہمت نہیں ہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ 10 ماہ میں نیب نیازی گٹھ جوڑ حمزہ شہباز کے خلاف عدالتوں میں کوئی الزام ثابت نہ کرسکا۔ 10ماہ ہوگئے لیکن کوئی منی لانڈرنگ یا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی نہیں لگایا جا سکا۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے 10ماہ میں عدالتوں میں کچھ بھی ثابت نہ کرنے کے باوجود حمزہ شہباز ناحق قید میں ہیں۔ حمزہ شہباز کا اصل قصور نواز شریف کا بھتیجا اور شہباز شریف کا بیٹا ہونا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button