گجرات میں ایک آدمی نے 27 افراد کو کرونا منتقل کر دیا

گجرات میں کرونا وائرس کی علامات کو چھپاتے ہوئے مبینہ طور پر رشوت دے کر ائیرپورٹ سے باہر آنے والے ایک شخص نے اپنے علاقے میں پہنچ کر اپنے خاندان کے 27 سے زائد افراد کو کرونا وائرس منتقل کر دیا جس کے بعد اب گجرات میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 55 سے تجاوز کر گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر بیرون ملک سے واپس آنے والے گجرات کے شہروں سرائے عالمگیر، ڈنگا اور شادیوال میں 4 مریضوں کے نتائج مثبت آئے۔ تاہم ایک مریض کی وجہ سے جو جھوٹ بول کر اور اپنی بیماری چھپاکر ایئرپورٹ سے نکل گیا تھا سے ملنے والے 40 دیگر افراد کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 27 افراد کرونا سے متاثرہ نکلے جس کے بعد تمام افراد کو گھر یا قریبی ہسپتال میں آئیسولیٹ کیا گیا ہے اور اب گجرات میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 55 ہوچکی ہے۔ مذکورہ واقعہ کرونا کےتصدیق شدہ مریضوں کے ساتھ غفلت برتنے اور صوبے میں مقامی منتقلی میں اضافے کی ایک دلخراش مثال ہے۔
گجرات میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث پیدا ہونے والی پریشان کن صورت حال کے پیش نظر حکومت نے اعلیٰ سطح کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ڈپٹی کمشنر کو اس معاملے کو دیکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گجرات میں لاہور کے بعد سب سے زیادہ کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرین میں سے زیادہ تر لوگ بیرون ملک سے پاکستان واپس آئے تھے۔ گجرات کی ضلعی انتظامیہ کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کا شکار ہونے والے 70 فیصد افراد کی عمریں 22 سے 40 سال کے درمیان ہیں جو مختلف ممالک کا سفر کر کے پاکستان آئے تھے۔ ضلع گجرات میں اب تک 310 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 135 کی رپورٹس منفی آئی ہیں جبکہ دیگر کی رپورٹس کا انتظار ہے۔ 593 گھروں کے مکینوں کو قرنطینہ میں رہنے کا کہا گیا ہے ‘
اب بیرون ممالک سے آنے والوں اور ان کے ساتھ ملنے والوں کے کوائف بھی جمع کر لیے گئے ہیں تا کہ انکے ٹیسٹ کیے جا سکیں۔ اب تک گجرات میں مریضوں کے علاوہ 341 مشتبہ افراد سامنے آئے ہیں۔ ضلع کے چھ دیہات کو جزوی جبکہ ایک کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔’ تحصیل سرائے عالمگیر کا گاؤں سمبلی مکمل طور پر لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جہاں ایک ہی گھر کے چھ افراد کرونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہیں۔ گجرات کے جن افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ان میں سے زیادہ تر سپین، اٹلی، ایران اور سعودی عرب سے پاکستان آئے۔ ان افراد نے کورونا کی علامات کو معمولی بخار، نزلہ زکام سمجھا اور عزیز و اقارب سے بھی ملتے رہے۔’
یاد رہے کہ پنجاب میں مسلسل بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کی تعداد سندھ سے تجاوز کر چکی ہے پنجاب میں مصدقہ کیسز کی تعداد 570 سے بڑھ گئی ہے۔ کرونا وائرس سے اب تک صوبے میں 5 اموات ہوئی ہیں اور 5 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان سے 207 اور ملتان سے 79 زائرین میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ رائے ونڈ کے قرنطینہ میں 23 اور لاہور میں 119 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔ گجرات میں 55، گوجرانوالہ میں 11، جہلم میں 21 اور راولپنڈی میں 19 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ملتان میں 3، فیصل آباد میں 9، منڈی بہاوالدین میں 4 کرونا کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ باقی کیسز پنجاب کے دیگر حصوں سے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button