گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کی مخالفت میں تیزی

گلگت بلتستان اسمبلی کی جانب سے علاقے کو عبوری صوبے کا درجہ دینے کے مطالبے پر مبنی قرارداد کی متفقہ منظوری کے بعد گلگت کی متنازع حیثیت پر ایک بار پھر بحث شروع ہو گئی ہے اور اسے علیحدہ صوبہ بنانے کی مخالفت میں تیزی آ گئی ہے۔
ایک طرف جہاں پی ٹی آئی رہنما گلگت بلتستان عبورے صوبے کے قیام کے عمل کو اپنی کامیابی قرار دے رہے ہیں وہیں حریت پسند تنظیموں کے مطابق گلگت بلتستان کو علیحدہ صوبہ بنانے کا عمل تحریک آزادی کشمیر کی پیٹھ میں خنجر گھوپنے کے مترادف ہے۔ یاد ریے کہ 9 مارچ 2021 کو گلگت بلتستان اسمبلی نے ایک قرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس علاقے کو عبوری صوبے کا درجہ دینے کے لیے درکار قانون سازی کرے تاکہ پارلیمنٹ اور دیگر وفاقی اداروں میں بھی اس علاقے کو نمائندگی مل سکے۔ گلگت بلتستان کی بیشتر سیاسی جماعتیں شروع ہی سے خطے کو پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔ 2015 میں بھی خطے کی اسمبلی نے اس حوالے سے اسی طرح کی ایک قرارداد منظور کی تھی۔گزشتہ برس ستمبر میں بھی گلگت بلتستان کو پاکستان کا باقاعدہ آئینی صوبہ بنانے کے لیے ملک کی عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان مشاورت ہوئی تھی۔ وزیرِاعظم عمران خان نے بھی نومبر میں خطے کو عارضی صوبے کی حیثیت دینے کا اعلان کیا تھا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا یے کہ بھارت کی جانب سے اگست 2019 میں اپنے زیرِ انتظام کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم کر کے اسے ملک میں ضم کرنے کے بعد گلگت بلتستان میں بھی پاکستان میں باقاعدہ انضمام کے مطالبے نے زور پکڑ لیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان اور بھارت دونوں کے زیرِ انتظام کشمیر کی جماعتیں اس قرارداد پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہی ہے کہ گلگت بلتستان 1947 سے قبل ریاست جموں و کشمیر کا حصہ ہونے کی وجہ سے ایک متنازع خطہ ہے۔ ان جماعتوں کا مؤقف ہے کہ مستقبل میں کسی بھی استصواب رائے میں کشمیر کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے باسیوں کی آواز اہمیت رکھتی ہے۔
دوسری جانب 9 مارچ کو گلگت بلتستان اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد میں وفاقی حکومت، وزیرِاعظم پاکستان و دیگر ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا درجہ دے کر قومی اسمبلی، سینیٹ اور دیگر وفاقی اداروں میں مناسب نمائندگی دی جائے۔ قرارداد میں گلگت بلتستان کے وزیرِ اعلیٰ خورشید خان، قائدِ حزب اختلاف امجد حسین ایڈوکیٹ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے حاجی رحمت خالق، مجلس وحدتِ مسلمین کے محمد کاظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے غلام محمد کے بھی دستخط موجود ہیں۔
مشترکہ قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عبوری صوبے کا درجہ دینے کے سلسلے میں آئینِ پاکستان میں مناسب ترامیم کا بل پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ مذکورہ ترامیم سے اقوامِ متحدہ کی مسئلۂ کشمیر سے متعلق قراردادوں کی روشنی میں پاکستان کا اصولی مؤقف برقرار رہے۔
پاکستان اور بھارت دونوں کے زیرِانتظام کشمیر کی بعض سیاسی جماعتوں اور علیحدگی پسند تنظیموں کے تحفظات کے پیشِ نظر قرارداد میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام بھارت کے زیرِانتظام کشمیر میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں اخلاقی و سیاسی حمایت حسب سابق جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں موجود علاقے تقسیمِ ہند سے قبل ریاست جموں و کشمیر کا حصہ تھے۔ 1935 میں برطانوی حکمرانوں نے ریاست کے مہاراجہ سے 60 سال کی لیز پر یہ علاقے اپنے کنٹرول میں لے لیے تھے۔یکم اگست 1947 کو برطانوی راج کے آخری وائس رائے لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے لیز کو مدت سے پہلے ختم کردیا جس کے تحت یہ علاقے ریاست جموں و کشمیر کے اس وقت کے مہاراجہ ہری سنگھ کو واپس دیے جانے تھے۔
تقسیم ہند کے موقع پر جب نوابوں اور مہاراجوں کی آزاد ریاستوں کو پاکستان یا بھارت میں الحاق کے آپشنز دیے گئے تو مہاراجہ ہری سنگھ نے 26 اکتوبر 1947 کو مبینہ طور پر بھارت کے ساتھ ضم ہونے کا فیصلہ کیا۔ تاہم مسلم اکثریتی خطے نے بھارت کے ساتھ الحاق کی مخالفت کی اور رہائشیوں نے 31 اکتوبر 1947 کو مہاراجہ کے خلاف مسلح بغاوت کر کے یہ علاقے ان سے آزاد کرا لیے۔ اگلے ہی روز مقامی فوج اور عمائدین نے گلگت میں ایک آزاد ریاست کے قیام کا اعلان کیا مگر یہ آزادی کچھ روز ہی چل سکی کیوں کہ گلگت کے فوجی افسران اور وہاں کے بااثر عمائدین نے خطے کی آزادی اور اپنے ذاتی مفاد کے تحفظ کے پیشِ نظر پاکستان کے ساتھ دو ہفتوں کے اندر ہی الحاق کا اعلان کر دیا۔
شروع ہی سے سابق ریاست جموں و کشمیر کا حصہ ہونے کی وجہ سے پاکستان گلگت بلتستان کے علاقوں کے انتظامی معاملات کو اپنے زیرِ انتظام کشمیر، کے ساتھ ہی ڈیل کرتا رہا۔حکومتِ پاکستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں قائم مسلم کانفرنس کی حکومت کے مابین 28 اپریل 1949 کو ہونے والے کراچی معاہدے کی شق نمبر ایک کی ذیلی شق سات کے تحت پاکستان نے گلگت بلتستان کے علاقوں کو ریاست کا حصہ قرار دیتے ہوئے گلگت بلتستان کا انتظام عارضی طور پر اپنے کنٹرول میں لیا۔ سال 1949 میں کراچی معاہدے کے تحت پاکستانی کشمیر کی حکومت اور حکومتِ پاکستان کے درمیان معاہدہ طے پایا جس کے تحت گلگت کے امور حکومتِ پاکستان کے سپرد کر دیے گئے۔
لیکن گلگت بلتستان کے سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کراچی معاہدے میں گلگت کی ترجمانی نہیں تھی جس وجہ سے پاکستان نے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے مسئلے کو کشمیر کے مسئلے کے ساتھ جوڑ دیا۔ سال 1947 سے لے کر 1970 تک گلگت بلتستان میں انگریز کے بنائے قانون کے تسلسل کے لیے بنایا گیا فرنٹیئر کرائم ریگولیشن ایف سی آر نافذ تھا جب کہ پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر، جہاں مقامی طور پر حکمرانی کرنے کا سیٹ اپ متعارف کرایا جا چکا تھا کے برعکس گلگت بلتستان کے معاملات کو اسلام آباد، وزارت برائے امور کشمیر و شمالی علاقہ جات کے تحت چلاتا رہا۔
خطے کو 1970 میں شمالی علاقہ جات کا نام دیا گیا جب کہ 1975 میں جاگیرداری نظام اور ایف سی آر کا خاتمہ کر کے دیوانی و فوج داری قوانین کا اطلاق شمالی علاقہ جات پر کر دیا گیا۔سال 2009 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت نے ’گلگت بلتستان سیلف گورننس آرڈر‘ کے نام پر ایک جامع پیکج متعارف کرایا جس کے تحت نہ صرف شمالی علاقہ جات کو گلگت بلتستان کا نام ملا بلکہ 33 ارکان پر مشتمل قانون ساز اسمبلی، وزیرِاعلیٰ کا انتخاب اور وفاق کی جانب سے گورنر کا تقرر بھی عمل میں لایا گیا۔اگست 2015 میں بھی گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی نے خطے کو پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے کی قراردار منظور کی تھی۔ اسی سال مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس وقت کے مشیر برائے امورِ خارجہ سرتاج عزیز کی زیرِ قیادت گلگت بلتستان میں انتظامی اصلاحات کے لیے کمیٹی بنائی تھی جس نے 2017 میں اپنی سفارشات میں کہا تھا کہ گلگت کو کچھ اس طرح خصوصی درجہ دیا جائے جس سے پاکستان کے کشمیر کے مؤقف پر کوئی فرق نہ پڑے۔ کمیٹی کی مزید سفارشات میں علاقے کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں بھی نمائندگی دینے کا بھی کہا گیا مگر ابھی تک اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہو سکا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جنوری 2019 کے فیصلے میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان کی موجودہ حیثیت میں تبدیلی نہیں کی جا سکتی اور علاقے کی آئینی حیثیت استصواب رائے سے طے کی جائے گی اور جب تک استصواب رائے نہیں ہو جاتا تب تک حکومتِ پاکستان گلگت بلتستان کو حقوق دینے کی پابند ہے۔البتہ تحریکِ انصاف کی حکومت تشکیل پانے کے بعد وزیرِاعظم عمران خان نے بھی گلگت بلتستان کو پاکستان کو صوبہ بنانے کا عندیہ دیا۔ تھا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق گلگت کے عوام کی اکثریت خطے کو پاکستان کا پانچواں صوبہ بنانے کی حامی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں ضم ہونے سے ان کے لیے ترقی، روزگار اور دیگر مواقع پیدا ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ کچھ حلقے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو ضم کرنے کے بجائے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی حکومت کی طرز پر حکومت تشکیل دی جائے اور اسلام آباد کے تحت چلنی والی وزارت امور کشمیر اور گلگت بلتستان سے انتظامی اور مالی اختیارات لے کر جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو دیے جائیں۔
بعض دیگر تجزیہ کاروں کے مطابق تاریخی طور پر گلگت بلتستان کے علاقے تین مرتبہ آزاد ریاست کے طور پر فعال رہے ہیں اور کشمیر سے ان کا تاریخی طور پر کوئی تعلق نہیں رہا ہے۔ان کے بقول "پاکستان کا صوبہ بننے سے اگر لوگوں کے مسائل حل ہوتے تو بلوچستان میں پانچویں مرتبہ پاکستانی ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد نہ ہوتی۔”
ماضی میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت اور سیاسی قیادت کے علاوہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی حریت پسند قیادت بھی گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت میں تبدیلی کی مخالف رہی ہے۔ گلگت بلتستان کی چھوٹی قوم پرست جماعتیں جیسے ‘بالاورستان نیشنل فرنٹ’ دراصل ایک آزاد اور خود مختار گلگت بلتستان ریاست کا مطالبہ کرتی ہے۔
بعض سیاسی مبصرین کے مطابق پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے میں دلچسپی کے پیچھے چین کا کردار ہے جو پاکستان میں چین پاکستان اقتصادی راہداری یا سی پیک کے تحت بڑی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ یاد ریے کہ سی پیک منصوبے کا گیٹ وے گلگت بلتستان ہی ہے کیوں کہ پاکستان میں چین کے ساتھ سرحد اسی خطے میں ملتی ہے۔
باوثوق سفارتی ذرائع کے مطابق چین کسی بھی متنازع خطے میں سرمایہ کاری کرنے کا رسک لینے کو تیار نہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان گلگت بلتستان کی متنازع حیثیت ختم کر کے اسے باقاعدہ پانچویں صوبے بنانے کی تیاریاں کر رہا ہے۔
