گل پلازہ آگ کو 18ویں ترمیم کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، نوید قمر کی خواجہ آصف اور حکومت پر تنقید

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید نوید قمر نے کہا ہے کہ کراچی کے گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے کو اٹھارہویں ترمیم پر تنقید کا جواز بنایا جا رہا ہے اور آگ کے معاملے کو بلاوجہ اٹھارہویں ترمیم سے جوڑا جا رہا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے نوید قمر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے اٹھارہویں ترمیم سے متعلق جو باتیں کیں، ہم انہیں حکومتی پالیسی کا بیان سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر وفاقی وزیر کی جانب سے اٹھارہویں ترمیم پر سوالات اٹھائے گئے اور آگ کے واقعے کی آڑ میں اس ترمیم کو نشانہ بنایا گیا۔
نوید قمر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک وفاقی ریاست ہے، کیا اب کوئی نیا تجربہ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ نصاب میں دہائیوں تک غلط بیانی کی گئی، تاریخ کو مسخ کیا گیا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مضبوط پاکستان مضبوط صوبوں سے ہی وجود میں آتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ کیا صوبوں کو دیے گئے وسائل بھی واپس لینے کا ارادہ ہے؟ صوبے صحت اور تعلیم کے فنڈز کم کر کے وفاق کو کیسے دیں تاکہ وہ قرضے لے اور واپس کرے؟
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ہم اب بھی ساٹھ اور ستر کی دہائی سے باہر نہیں نکلے؟ نوید قمر نے خبردار کیا کہ محض سیاسی مفادات کے لیے ملک کے مستقبل کو خطرے میں نہیں ڈالا جانا چاہیے۔
