گندم درآمد اسکینڈل: وزیراعظم نے کارروائی کی منظوری دیدی

وزیراعظم شہباز شریف نے نگران دور حکومت میں اضافی گندم درآمد کرنے کے اسکینڈل کے ذمہ داروں کے تعین کےلیے قائم انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی ہے جس کی روشنی میں وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کے 4 افسروں کو معطل کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
سابق وفاقی سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی محمد آصف کے خلاف باضابطہ کارروائی کی منظوری دی گئی۔ سابق ڈی جی پلانٹ پروٹیکشن اے ڈی عابد کو بھی معطل کرنے کی منظوری، فوڈ سکیورٹی کمشنر ون ڈاکٹر وسیم اور ڈائریکٹر سہیل کو بھی معطل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ افسروں پر ناقص منصوبہ بندی اور غفلت برتنے کا الزام ہے۔
خیال رہے کہ سرپلس گندم درآمد کرنے سے ملک میں گندم کی مارکیٹ کریش ہوئی جس سے کسانوں کو گندم سستے داموں فروخت کرنا پڑی۔
