گوجرانوالہ؛ وین میں سلنڈر دھماکے سے 9 افراد جاں بحق اور 7 زخمی

گوجرانوالہ میں وین میں سلنڈر پھٹنے سے 9 افراد جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے۔
گوجرانوالہ میں ڈی سی کالونی کے قریب مسافر وین میں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں نو افراد جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق جب کہ سات زخمی ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ریسکیور ٹیم نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔ وین میں سلنڈر پھٹنے کے باعث جی ٹی سڑک بلاک ہوگئی۔
ریسکیو انچارج گوجرانوالہ انجم شہزاد نے بتایا ہے کہ مسافر وین راولپنڈٰی سے آ رہی تھی، وین نے بریک لگائی تو پیچھے سے ایک منی ٹرک نے ہٹ کیا اور ٹکر سے پیچھے لگے سلنڈر سے گیس لیکیج ہوئی، لیکیج سے گاڑی میں آگ لگ گئی جس نے پوری وین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ڈی ایچ کیو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے ناموں کے لیے ڈی ایچ کیو الگ سے کاونٹر قائم کردیا گیا، ریسکیو اور اسپتال کی اکٹھی تفصیلات کاونٹر سے مل سکیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وین میں سلنڈر پھٹنے سے انسانی جانوں کی ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آر پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

Back to top button