گورنر خیبرپختونخوا ، وزیر اعلیٰ کو تناؤ ختم کرکے ساتھ چلنے چاہیے

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر راجا پرویز اشرف نے گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو تناؤ ختم کرکے مل جل کر چلنے کا مشورہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی و سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پنجاب میں از سرنو تنظیم سازی کا آغاز کر دیا ہے جسے سو دن میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور میں جاری لفظی گولہ باری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور گورنر کو تناؤ ختم کرکے مل جل کر چلنا چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کو بھی سیاسی استحکام کےلیے کردار ادا کرنا چاہیے تا کہ ملکی مسائل حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت نفرتیں ختم کرنے اور اداروں کو آپس میں جوڑنے کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی نے آئینی عہدے اس لیے رکھے تاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو حکومت کرنے میں مشکلت کا سامنا نہ ہو۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ گورنر کے پاس آئینی عہدہ ہے، سیاسی بیانات سے گریز کریں، گورنر خیبرپختونخوا نے دوبارہ سیاسی بیان بازی کی تو گاڑی کا تیل بند کر دوں گا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی کی کوئی حیثیت نہیں، ایک صفحے کے نوٹیفکیشن پر گورنر بنے، گورنر شپ میری وجہ سے خیرات میں ملی، پہلے مولانا کے بیٹے کو وزارت ملی تھی۔

Back to top button