گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفیٰ منظور
صدرعارف علوی نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا استعفیٰ منظور کر لیا، کیبنٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے عمران اسمٰعیل کے استعفے کی منظوری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق صدر مملکت نے عمران اسمٰعیل کا استعفیٰ 17 اپریل 2022 کو منظور کیا۔ نئے گورنر سندھ کی تعیناتی تک اسپیکر سندھ اسمبلی صوبے کے گورنر کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔
یاد ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے اور شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعد گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے 11 اپریل کو استعفیٰ دے دیا تھا۔ مستعفی ہونے سے قبل عمران اسمٰعیل نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کہ جیسے ہی شہباز شریف حلف اٹھائیں گے تو میں استعفیٰ دوں گا، نہیں چاہتا ایک لمحے کے لیے بھی شہباز شریف کو سر کہنا پڑے، یہ شخص نااہل ہے، مقصود چپراسی کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکلے۔ عمران اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ میں شہباز شریف کو وزیراعظم نہیں مانتا۔
یہ بھی یاد رہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی تھی جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف 174 ووٹ لے کر پاکستان کے 23ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے تھے۔10 اپریل کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوگئی تھی جس کے بعد وہ ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے تھے جن کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی۔