گولیاں کھا کر مرنے سے بہتر علیحدگی اختیار کرلینا ہے

گلوکارہ صنم ماروی لاہور کی فیملی عدالت میں خلع کے دعویٰ میں اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا کہ گولیاں کھا کر مرنے سے بہتر ہے کہ علیحدگی اختیار کر لیں۔
گلوکارہ نے کہا کہ جھوٹ گھرانوں کی تباہی کا بڑاسبب ہے، 11 سال سے شوہر کا تشدد برداشت کررہی تھی۔
صنم ماروی نے شوہر پر کام نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب بیوی کماتی ہے تو شوہر اور اس کی فیملی اس پر انحصار کرتے ہیں، جس سے گھر خراب ہوتے ہیں، ان کےلیے شوہر کا ہونا یا نہ ہونا برابر ہے۔ انہوں نے عدالت میں بتایا کہ حامد علی سے 2009 میں شادی ہوئی مگر کچھ عرصے بعدہی شوہر کا رویہ بدل گیا تھا۔ عدالت نے گلوکارہ صنم ماروی کا بیان ریکارڈ کرکے اُن کے شوہر حامد علی کا جواب آنے تک کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل صنم ماروی نے شوہر سے علیحدگی کےلیے لاہور کی فیملی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
