گوگل ڈوڈل کا اسکواش لیجنڈ ہاشم خان کوخراج تحسین

پاکستان کے مایہ ناز اسکواش کھلاڑی ہاشم خان کو آج مقبول ترین سرچ گوگل اپنا ڈوڈل تبدیل کرکے خراجِ تحسین پیش کر رہا ہے۔
اسکواش کی دنیا میں پاکستان کا پرچم سربلند کرنے والے ہاشم خان کو گوگل ڈوڈل کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
ہاشم خان کے والد عبداللہ خان پشاورمیں ایک کلب میں ملازمت کرتے تھے جہاں انگریزفوجی افسران اسکواش کھیلا کرتے تھے۔ اسی دوران ہاشم خان کھلاڑیوں کے بال بوائے کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے لگے اورجب انگریزکھیل کرچلے جاتے تو وہ دیگر بچوں کے ہمراہ وہاں اسکوش کھیلا کرتے۔ 1942 میں وہ برٹش ایئرفورس آفیسرزمیس میں اسکواش کوچ بن گئے۔
1944 میں انہوں نے ممبئی میں ہونے والی پہلی آل انڈیا اسکواش چیمپیئن شپ اپنے نام کرکے تاریخ رقم کی اورمسلسل 3 سال تک اعزاز کا دفاع کیا۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے پاکستان فضائیہ میں ملازمت اختیارکرلی اور 1949 میں ہونے والی پہلی قومی اسکواش چیمپئن شپ اپنے نام کی۔
1951 میں انہوں نے پہلی مرتبہ برٹش اوپن اسکواش میں شرکت کی اورٹائٹل اپنے نام کرکے پہلی مرتبہ اسکواش کورٹ میں سبزہلالی پرچم کوبلند کیا، وہ 1951 سے 1958 تک مسلسل برٹش اوپن چیمپئین کے فاتح رہے۔ اس کے علاوہ وہ 5 مرتبہ برٹش پروفیشنل چیمپئین شپ جب کہ 3،3 مرتبہ یو ایس اوپن اسکواش اور کینیڈین اوپن اپنے نام کرچکے ہیں۔
ہاشم خان 2014 میں 100 سال کی عمر میں امریکا کے شہر ڈینور میں دار فانی سے کوچ کرگئے تھے۔
