’’گوگل کی لاکھوں جی میل اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کی وارننگ‘‘

جی میل استعمال کرنے والے صارفین ہو جائیں ہوشیار، کیونکہ گوگل نے لاکھوں غیر متحرک اور جعلی اکائونٹس کو ڈیلیٹ کرنے کی وارننگ جاری کر دی ہے، اکائونٹس میں موجود تصاویر، ویڈیوز، فائلز سمیت تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے صارفین کو متنبہ کرنا شروع کر دیا ہے کہ وہ پلیٹ فارم میں بڑی اپ ڈیٹ کے طور پر اگلے ماہ لاکھوں جی میل اکاؤنٹس ختم (ڈیلیٹ) کر دے گا، اس عمل سے گوگل کے وہ تمام ذاتی اکاؤنٹس متاثر ہوں گے جو کم از کم دو سال سے غیر فعال ہیں۔ ای میلز، ڈاکیومنٹس، سپریڈشیٹس، کیلینڈر اپوائنٹمنٹس، تصاویر اور ویڈیوز کو مستقل طور پر ڈیلیٹ کر دیا جائے گا، قبل ازیں یہ پالیسی رواں سال متعارف کروائی گئی تھی لیکن اس پر دسمبر 2023 سے عمل شروع کیا جائے گا۔اس اقدام کا مقصد گوگل کے فعال صارفین کو دھوکے سے معلومات حاصل کیے جانے اور اکاؤنٹ ہائی جیکنگ جیسے سکیورٹی خطرات سے بچانا ہے، پرانے اکاؤنٹس جو کئی سال سے استعمال نہیں کیے گئے وہ خاص طور پر ہیکرز کے ہاتھوں خطرے کی زد میں ہوتے ہیں کیوںکہ ہیکر وہی پاس ورڈ استعمال کر سکتے ہیں جن پر سکیورٹی کی دیگر خلاف ورزیاں کرتے ہوئے سمجھوتہ کیا گیا ہو، یہ پاس ورڈ ڈارک ویب پر آسانی سے دستیاب ہیں۔گوگل کا کہنا ہے کہ حذف کیے جانے کے خطرے سے دوچار کسی بھی اکاؤنٹ کو کوئی بھی کارروائی کرنے سے پہلے ’’متعدد نوٹیفکیشن‘‘ موصول ہوں گے جن اکاؤنٹس کو نوٹیفکیشن بھیجے جائیں گے ان میں ریکوری ای میل ایڈریس بھی شامل ہیں۔ ٹیکنالوجی جائنٹ نے پہلے ہی متاثرہ افراد کو ای میلز بھیجنا شروع کر دیا ہے جن میں صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ ’اپنی نجی معلومات کی حفاظت کریں اور اپنے اکاؤنٹ تک کسی بھی غیر مجاز رسائی کو روکیں، چاہے آپ ہماری خدمات کو مزید استعمال نہ کر رہے ہوں۔جی میل اکاؤنٹ تک رسائی کھونے کے نتیجے میں لوگوں کو ممکنہ طور پر دوسرے آن لائن پلیٹ فارمز اور خدمات استعمال کرنے سے بھی روکا جا سکتا ہے جو اس ای میل ایڈریس سے منسلک ہیں، چاہے ان پلیٹ فارمز کا تعلق گوگل کے ساتھ نہ ہو، اکاؤنٹ کو فعال رکھنے اور ڈیلیٹ ہونے سے بچانے کے لیے گوگل صارفین کو مشورہ دیا گیا کہ وہ ای میل کھولیں یا بھیجیں، گوگل ڈرائیو استعمال کریں، گوگل پلے سٹور پر ایپ ڈاؤن لوڈ کریں یا اکاؤنٹ میں لاگ ان ہو کر گوگل سرچ ہی کر لیں، کوئی بھی اکاؤنٹ جس سے یوٹیوب پر ویڈیو پوسٹ کی گئی وہ بھی متاثر نہیں ہوگا، قطع نظر اس کے کہ وہ آخری بار کب فعال ہوا۔
