گھڑی میری ذاتی، بیچوں یا جو مرضی کروں

تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کہاں سے کہاں تک پہنچ گئی ہے، ملک کی معیشت دگرگوں ہے مگر سب میری گھڑی کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، یہ میری ذاتی گھڑی ہے، بیچوں یا کچھ بھی کروں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہمارے دور حکومت میں شورمچایا ہوا تھا کہ میں نے مہنگائی کردی، وہ چینلز اب چپ ہیں، کچھ بول نہیں رہے، ہمارے دور میں مائیک لیکر لوگوں سے پوچھتے تھے کتنی مہنگائی ہے؟،اب ان چینلز کو گھڑی کی پڑی ہوئی ہے، وہ میری ذاتی گھڑی ہے بیچ دوں یا نہیں میری مرضی ہے۔ یہ پہلی دفعہ ہوا کہ گھڑی پر شور مچ گیا ہے۔

انہوں نے کہاجب بھی الیکشن ہوں گے، تحریک انصاف جیت جائے گی۔ جب تک یہ حکومت رہے گی ملک میں سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔ جب تک سیاسی استحکام نہ آئے تو ملک میں معاشی استحکام نہیں آ سکتا۔ ملک کو معاشی بحران سے صرف الیکشن ہی نکال سکتا ہے، اسٹبلشمنٹ اور تمام طبقوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ انہیں فکر نہیں کہ پاکستان کہاں جا رہا ہے۔ اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ تھی۔ یہ ہمیں سلیکٹڈ کہتے تھے۔ اب سب کو معلوم ہو گیا ہے کہ کون سلیکٹڈ ہے۔

انکا کہناتھا سب کو معلوم ہے کہ انہیں ملک کے طاقتور نے این آر او ٹُو دیا۔ اب سلیمان شہباز بھی ڈرائی کلین ہو گا۔ دسمبر میں ہماری تیاری مکمل ہو جائے گی، ہم اسمبلیوں سے نکل جائیں گے۔

عمران خان نےپرویز الٰہی سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا کہ دیکھیں موقف مختلف ہو سکتا ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ تھوڑا اور آگے چلنا چاہیے۔ یہ بات صرف اس لیے کہہ رہے ہیں کہ اگر نگران حکومت الیکشن کمیشن نے بنائی تو الیکشن کمشنر تو ان کا آدمی ہے۔ اس نے ان کے لوگ لانے ہیں اور اپنا آئی جی بٹھا کر پھر ہم پر ظلم کرنا ہے۔ان کا یہ پوائنٹ ٹھیک ہے۔ لیکن انہوں نے مجھے پورا اختیار دیا ہوا ہے کہ جب بھی میں اسمبلی توڑنا چاہوں گا تو وہ پوری طرح میرے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ بیٹھ کرکیا کریں ، ان کے پاس کیا فارمولہ ہے؟، ان چوروں پر قوم اور سرمایہ کاروں کو اعتماد نہیں ہے،یہ لوگ ملک کو ٹھیک نہیں کرسکتے ان کے ساتھ کیا باتیں کریں، میں انہیں 30سال سےجانتا ہوں،جون میں کہا تھا یہ ملک تباہ کردیں گے،ان کو جب موقع ملا لوٹ مار کرکے ملک سے بھاگے،اب دوبارہ آئیں تو اپنے کیسز ختم کرالئے اور مجھے نااہل کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

عمران  خان نے کہا کہ اس سے زیادہ بد دیانت الیکشن کمشنر پہلے کبھی نہیں آیا، خبردار کررہا ہوں کہ مجھےنا اہل کرکے الیکشن کمیشن مزید ذلیل ہوگا۔ ہم پر چوروں کا ٹولہ مسلط کیا گیا، یہ لیڈر تیس سال میں اربوں روپے چوری کرکے باہر لے گئے،جن کا پیسہ باہر ہے انکو روپے کی قدر گرنے سے فرق نہیں پڑے گا۔

Back to top button