ہرات کے شیر اسماعیل خان کون ہیں ؟

سوویت جنگ کے دوران طاقتور ترین مجاہد کے طور پر اپنی شناخت بنانے والے اور ہرات کا شیر کہلائے جانے والے اسماعیل خان کو طالبان نے اپنی حراست میں لے لیا ہے ۔
خبر رساں ادارے کے مطابق جب طالبان طاقت پکڑ رہے تھے تو انہوں نے طالبان کے خلاف کافی کامیابیاں سمیٹی تھیں لیکن جب ان کے اتحادی نے طالبان کے ساتھ الحاق کر لیا تو وہ 1995میں اپنے ہزاروں ساتھیوں کے ساتھ ایران بھاگ گئے۔
گذشتہ ماہ انہوں نے طالبان کے خلاف لڑنے کا عہد کیا۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہم جلد فرنٹ لائن پر جائیں گے اور اللہ کی مدد سے صورتحال کو تبدیل کریں گے۔ہمیں امید ہے ہرات کے مرد اور عورتیں اس موقع پر اپنی عزت اور آزادی کو بچانے کے لیے مزاحمت کرنے والوں کا ساتھ دیں گے۔
انہوں نے تیزی سے بگڑتی صورتحال کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیا اور فوج سے اپیل کی وہ بہادری کا مظاہرہ کریں۔ ’ہم باقی تمام سکیورٹی فورسز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بہادری سے مزاحمت کریں تاہم جمعے کی صبح ہرات کے لوگوں کی آنکھ کھلی تو گلیوں میں جنگ کے کوئی آثار نہیں تھے اور نہ ہی اسماعیل خان کی طرف سے مزاحمت نظر آئی۔

ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی تھی اور طالبان کا ایک گروہ پولیس سٹیشن سے افغانستان کا جھنڈا اتار رہا تھا۔دیگر جنگجو ہموی گاڑی کے بونٹ پر کھڑے تھے جسے حکومتی فورسز چھوڑ کے بھاگ گئی تھیں۔ ان میں سے ایک عسکریت پسند کندھے پر راکٹ لانچر اٹھائے کیمرے کی طرف دیکھ کر مسکرایا۔
افغان حکام کا کہنا تھا کہ انہوں قتل و غارت سے بچنے کے لیے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا۔ اسماعیل خان طالبان کے قبضے کے باوجود شہر میں ہی موجود رہے۔ طالبان نے کہا کہ انہوں اسماعیل خان کو گرفتار کر لیا ہے اور ایک ویڈیو بھی شیئر کی۔
بعد ازاں اسماعیل خان کے ترجمان نے رپورٹرز کو بتایا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے بعد وہ گھر چلے گئے تھے۔ تاہم ابھی تک اس ڈیل کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
بشکریہ :اردو نیوز
