ہربھجن، انضمام کی 5 سال پرانی ویڈیو پر غصے میں کیوں آگئے؟

بھارتی سپن بائولر ہربھجن سنگھ، پاکستانی سابق کپتان انضمام الحق کی پانچ سال پرانی ویڈیو وائرل ہونے پر غصے میں آگئے اور اںضی سے شدید ناراضگی کا اظہار کیا، ویڈیو میں انضمام الحق نے ہربھجن سنگھ کے مولانا طارق جمیل کے سحر میں مبتلا ہونے اور اسلام قبول کرنے کے سوچنے کے متعلق انکشاف کیا۔انضمام الحق کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو 5 سال پرانی ہے، یہ ویڈیو سب سے پہلے یوٹیوب چینل الفلاح آفیشل کی جانب سے 5 سال قبل جاری کی گئی تھی، ویڈیو میں انضمام الحق بظاہر دینی خطبہ دے رہے ہیں، جس میں انہوں نے اسلام، نماز پڑھنے کی تلقین اور دین سے دوری سے متعلق گفتگو کی۔اس دوران انضمام الحق نے فیصل آباد کے ٹیسٹ میچ کا ذکر کیا اور بتایا کہ فیصل آباد کے ٹیسٹ میچ کے دوران مولانا طارق جمیل روزانہ ملاقات کے لیے آتے تھے، وہاں پر الگ کمرہ تھا جہاں مولانا طارق جمیل روزانہ مغرب کی نماز پڑھایا کرتے تھے، نماز کے بعد مولانا صاحب ہم سے باتیں بھی کرتے تھے۔انضمام الحق نے اس دوران بتایا کہ ٹیسٹ میچ کے دوران کچھ بھارتی کرکٹرز بھی موجود تھے جن میں عرفان پٹھان، محمد کیف اور ظہیر خان کے علاوہ دیگر کرکٹرز شامل تھے، انھوں نے کہا کہ محمد کیف اور ظہیر خان کو بھی نماز پڑھنے کی دعوت دیتے تھے، اس دوران کچھ بھارتی کرکٹرز ہمیں صرف بیٹھ کر دیکھ رہے ہوتے تھے اور مولانا طارق جمیل کی باتیں سنتے تھے۔انضمام الحق نے دعویٰ کیا کہ اس دوران بھارت کے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ، جنہیں مولانا طارق جمیل کے بارے میں زیادہ علم نہیں تھا، نے مجھ سے کہا کہ ’میرا دل کرتا ہے کہ میں مولانا کی بات مان لوں، قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اس کی بات سن کر میں نے کہا کہ مان لیں اس میں کیا مشکل ہے، جس پر ہربھجن نے مجھ سے کہا کہ میں تمہیں دیکھ کر رک جاتا ہوں۔سابق کپتان کی 5 سال پرانی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے سابق کپتان کے تمام دعووں کو جھوٹا قرار دے دیا، سماجی پلیٹ فارم ایکس پر سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اپنے سِکھ ہونے پر فخر ہے اور انہوں نے اسلام قبول کرنے سے متعلق کبھی غور نہیں کیا۔
