ہماری درخواست پر الیکشن ملتوی نہیں ہونے چاہئیں
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہماری درخواست کی بنیاد پر الیکشن کا عمل ملتوی نہیں ہونا چاہئیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ آج الیکشن کا شیڈول آنا تھا لیکن جاری نہیں ہوا، الیکشن کمیشن شیڈول جاری کرے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ افسران کو آر او نہیں بنایا جا سکتا، اس سے دھاندلی ہو سکتی ہے، ججوں کو ریٹرننگ افسران بنایا جائے ، جس سے الیکشن شفاف ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق 8 فروری کو انتخابات ہونے تھے، الیکشن کمیشن نے پہلے بھی انتخابات ملتوی ہونے کا بہانہ بنایا، ہم سپریم کورٹ گئے اور 8 فروری کو الیکشن کا فیصلہ کیا گیا۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ملک کی مقبول ترین پارٹی کے لیڈر ہیں، سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل نہیں ہوسکتا،کسی بھی سویلین کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں نہیں ہونا چاہئے۔