ہمایوں سعید اور مہوش کی نئی فلم ’’لندن نہیں جائوں گا‘‘


اداکارہ مہوش حیات اور اداکار ہمایوں سعید اپنی کامیاب ترین فلم "پنجاب نہیں جاؤں گی” کے بعد اب جلد اپنی اگلی فلم ’’لندن نہیں جائوں گا‘‘ میں ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے، فلم کی شوٹنگ ترکی میں جاری ہے، یہ پہلی پاکستانی فلم ہوگی جس کو ترکش زبان میں بھی ریلیز کیا جائیگا۔ فلم کے پروڈیوسر عرفان ملک نے بتایا کہ ترکی میں فلموں کی شوٹنگ کے لیے نہ صرف بہترین لوکیشنز موجود ہیں بلکہ وہاں تکنیکی عملہ بھی انتہائی پیشہ ورانہ ہے جبکہ وہان 8 ہزار سینما بھی ہیں۔ پروڈیوسر نے بتایا کہ ترکی کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری بہت بڑی ہے لہٰذا ان کی کوشش ہے کہ وہ اپنی فلم لندن نہیں جاؤں گا کو ترکی میں بھی ترجمے کے ساتھ سینماؤں میں ریلیز کریں۔
عرفان ملک کے مطابق ’’لندن نہیں جاؤں گا‘‘ ان کی تیسری فلم ہے، جس کی شوٹنگ ترکی میں کی جا رہی ہے اور وہ اسے وہاں ریلیز کرنے کیلئے مقامی ڈسٹری بیوٹرز سے بات چیت میں مصروف ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ پاکستان میں ترکی کے بنے ہوئے ڈرامے پیش کیے جا رہے ہیں، جنہیں وہاں کافی پسند کیا جا رہا ہے، تاہم پاکستان میں ترکش فلموں کی نمائش نہ ہونے کے برابر ہے۔ پروڈیوسر نے اُمید ظاہر کی کہ ان کی آنے والی اردو فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ وہ پہلی پاکستانی فلم بنے گی، جسے ترکی میں مقامی زبان میں ترجمے کیساتھ پیش کیا جائے گا۔
اداکار ہمایوں سعید نے بتایا کہ فلم میں کام کرنے والے تمام اداکاروں کو ترکی میں بہت عزت اور محبت دی جا رہی ہے، جیسا کہ ترکی کے لوگوں کو پاکستانی عزت اور محبت دیتے ہیں۔ عرفان ملک نے ترکی میں اپنی فلم کی شوٹنگ پر خوشی کا اظہار کیا اور اعتراف کیا کہ وہاں بہت اچھی تکنیکی ٹیم موجود ہے، اداکارہ مہوش حیات نے بھی ترک ڈراموں اور اداکارائوں کی پاکستان میں مقبولیت پر بات کی ہے۔ اداکارہ نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں ترکی اداکار بہت زیادہ مشہور ہیں جبکہ وہاں ترکی کے ڈرامے بھی انتہائی شوق سے دیکھے جاتے ہیں۔ مہوش حیات نے بھی ترکی کی تکنیکی ٹیم کی تعریفیں کیں اور بتایا کہ وہ ایک پروفیشنل ٹیم کے ساتھ خوبصورت مقامات پر فلم کی شوٹنگ کر رہی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ "لندن نہیں جاؤں گا "کی کچھ شوٹنگ پاکستان جبکہ کچھ شوٹنگ لندن میں بھی ہوگی جبکہ ترکی میں عکس بندی مکمل ہونے کے بعد بقیہ شوٹنگ کے لیے سب لوگ لندن پہنچیں گے۔ ’’لندن نہیں جاؤں گا‘ کی ہدایات بھی ندیم بیگ دے رہے ہیں، تاہم یہ فلم مہوش حیات اور ہمایوں سعید کی ماضی کی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کا تسلسل یا سیکوئل نہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کی کہانی بھی ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کے لکھاری خلیل الرحمٰن قمر نے لکھی ہیں۔
فلم کے حوالے سے ندیم بیگ نے بتایا تھا کہ ’لندن نہیں جاؤں گا‘ 2017 کی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی، کا سیکوئل بالکل بھی نہیں ہے بلکہ یہ ایک منفرد رومانٹک کامیڈی فلم ہے۔
لندن نہیں جاؤں گا‘ کی دیگر کاسٹ میں کبریٰ خان، واسع چوہدری اور گوہر رشید بھی شامل ہیں، فلم کو 2020 کی عید الاضحیٰ پر ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کرونا کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ تاخیر کا شکار ہوئی، تاہم اب تیزی سے اس کی عکسبندی پر کام جاری ہے۔

Back to top button