ہمیشہ میرٹ پر سلیکشن کی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نےکرکٹر محمد حفیظ کے پسند نہ پسند کی بنیاد پر سلیکشن کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ میرٹ پر سلیکشن کی اور صرف ان کھلاڑیوں کو منتخب کیا جو ملک کےلیے میچز جیتنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔
خیال رہے کہ آل راؤنڈر محمد حفیظ نے مکی آرتھر کی زیر نگرانی کھیلنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا سب سے طاقتور کوچ قرار دیا تھا۔ انہوں نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ سب کچھ مکی آرتھر کی مرضی سے ہوتا تھا اور میں یہ تسلیم کرتا ہوں کہ جب وہ کوچ تھے تو ٹیم میں کھلاڑیوں کے انتخاب کا دہرا معیار تھا اور انہیں پسند ناپسند کی بنیاد پر منتخب کیا جاتا تھا۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے میڈیا سے گفتگو میں محمد حفیظ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف ان کھلاڑیوں کو منتخب کیا جو ملک کے لیے میچز جیتنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔
ماضی میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی کوچنگ کا بھی اعزاز رکھنے والے آرتھر نے کہا کہ میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں نے ان کھلاڑیوں کو منتخب کیا جن کا رویہ پیشہ ورانہ تھا اور وہ پاکستان کےلیے میچز جیتنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔
اس وقت سری لنکا کی کوچنگ کرنے والے جنوبی افریقی نژاد کوچ کے مطابق مجھے وہ سخت ناپسند تھے جو اپنے خول میں بند رہتے تھے اور سمجھتے تھے کہ پاکستان کرکٹ کےلیے انہوں نے بہت کچھ کیا ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی کرکٹر نے مکی آرتھر کی کوچنگ کے دور میں اقربا پروری کا الزام عائد کیا ہو بلکہ اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل بھی یہی الزامات لگا چکے ہیں۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے کے باوجود مکی آرتھر کے دور میں کامران اکمل کو موقع فراہم نہیں کیا گیا جس پر میڈیا نے بھی مکی آرتھر کو ہدف نتقید بنایا تھا۔
