ہنڈائی کی نئی سیڈان کار پاکستان میں پیش

ہنڈائی نشاط موٹرز کی نئی سیڈان گاڑی ایلنٹرا کو پاکستان میں فروخت کےلیے پیش کردیا گیا ہے۔
6 جنریشن ایلنٹرا کو آن لائن ایونٹ کے دوران پیش کیا گیا جو ٹویوٹا کرولا اور ہونڈا سوک کو ٹکر دے گی۔ اس گاڑی کو پاکستان میں ہی اسمبل کیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق یہ اس کلاس کی پہلی گاڑی ہے جس میں 2.0 لیٹر پیٹرول انجن موجود ہے۔ یہ 4 سلینڈر انجن ہے جس میں 6 اسپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن، 154 ہارس پاور اور 195 ٹورکیو جیسے فیچرز موجود ہیں۔گاڑی کا ڈیزائن کرولا اور سوک سے کافی مختلف محسوس ہوتا ہے جس میں ڈائنامک ایل ای ڈی کواڈ پراجیکٹرز ہیڈلیمپس کا حصہ ہیں جب کہ دن کے وقت چلانے کےلیے تکونی ڈیزائن کی لائٹس اس کے نیچے موجود ہیں۔ گاڑی میں چاروں پہیوں کےلیے وینٹی لیٹڈ ڈسک بریکس اینٹی لاک بریکنگ سسٹم، الیکٹرونک فورس ڈسٹری بیوشن اور بریک اسسٹ ٹیکنالوجی کے ساتھ دی گئی ہیں۔ کمپنی کے مطابق گاڑی 4 ڈرائیو موڈز یعنی ایکو، اسپورٹ، اسمارٹ اور نارمل موجود ہیں۔ مسافروں کے تحفظ کےلیے الیکٹرونک اسٹیبلیٹی کنٹرول، 2 فرنٹ ایئربیگز، ٹریکشن کنٹرول، ہل اسٹارٹ اسسٹ بیک اپ کیمرا اور چائلڈ سیٹ اینکرز جیسے فیچرز گاڑی کا حصہ ہیں۔ اسی طرح 7 انچ کی ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم، 6 اسپیکر اسٹیریو، انسٹرومنٹ پینل کا 4.2 انچ ٹی ایف ٹی ڈسپلے، اسٹیئرنگ وہیل آڈیو کنٹرولز، وائس کمانڈ، سینٹرل لاکنگ ود اسپیڈ سنسنگ ڈور لاک، کی لیس انٹری، پش اسٹارٹ ignition۔ وائرلیس چارجر، ڈوئل زون کلائمٹ کنٹرول، پاور ونڈوز، رین سنسنگ وائپس، آٹو ڈی فوگر اور کروز کنٹرول دیگر نمایاں فیچرز ہیں۔ اس گاڑی کا ایک ہی ورژن پاکستان میں دستیاب ہوگا جس کی قیمت 40 لاکھ 49 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ گاڑی میں دلچسپی رکھنے والے افراد 22 مارچ سے اسے بک کراسکتے ہیں جب کہ کمپنی کی جانب سے ٹیسٹ ڈرائیو کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔
