ہوشمندی کا تقاضا ہے کہ مذاکرات ہوں، پاکستان کو نقصان نہیں ہونا چاہیے،سلمان اکرم راجہ

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ ہوشمندی کا تقاضا یہی ہے کہ بات چیت کی جائے، اور وہ نہیں چاہتے کہ کسی کارروائی سے پاکستان کو نقصان پہنچے۔
ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جب سہیل آفریدی کراچی گئے تو لوگوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا، جس سے واضح ہو گیا کہ عوام کو اب ملک کی موجودہ سمت کا احساس ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اب اپنا مقدمہ خود لڑیں گے، کیونکہ آئین نے انہیں یہ حق دیا ہے کہ وہ اپنی آواز بلند کریں۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ تحریک انصاف اپنا موقف عوام کے سامنے پیش کر چکی ہے۔
سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو کمزور کیا گیا ہے، اور ہوشمندی کا تقاضا یہی ہے کہ نظام اور عوام کے درمیان بات چیت ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر لوگوں کو ناحق جیل میں ڈالا گیا تو ملک کیسے آگے بڑھے گا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ملک میں ترقی نہیں ہو رہی اور سرمایہ کاری رک گئی ہے، اور آئندہ کا نقصان ان پر عائد ہوگا جو اس وقت حکومت میں ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری نہ ہونے پر افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں راجا ناصر عباس کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا جانا چاہیے، اور اسپیکر کو چاہیے کہ وہ یہ تقرری جلد مکمل کریں۔
